میدک میں ایک دن میں 74 ہزار سے زائد شجرکاری

ہریتا ہارم پروگرام کو صد فیصد کامیاب بنانے عوام سے کلکٹر کی اپیل

میدک۔/26اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست میں چوتھے مرحلہ کے ہریتا ہارم پروگرام کے تحت میدک ٹاؤن میں مختلف مدارس وکالجس اور دیگر مقامات ہاسٹلوں کی کھلی اراضی پر 25 اگسٹ کو دن بھر میں 74 ہزار سے زائد پودوں کی شجرکاری کی گئی۔ قبل ازیں اسکولی بچوں اور سرکاری عہدیداروں و ملازمین کے ہمراہ عوام میں شعور کی بیداری کے مقصد سے دفتر بلدیہ سے ایک ریالی ( ہریتا ہارم ) نکالی گئی۔ جس کا ضلع کلکٹر میدک نے ہری جھنڈی لہرا کر آغاز کیا۔ ضلع کلکٹر نے کہاکہ ضلع ، دیہات و گرام پنچایتوں میں شجرکاری کے مقصد سے ایک لاکھ پودوں پر مشتمل نرسری بھی قائم کی گئی۔دوران ریالی ہریتا ہارم پروگرام کو صد فیصد کامیاب بنانے کیلئے نعرے بھی لگائے گئے۔ شجرکاری کے اس پروگرام کا ضلع کلکٹر کے دھرما ریڈی نے گورنمنٹ ڈگری کالج کے احاطہ میں پودا لگاکر افتتاح کیا۔بلدیہ دفتر سے اسٹیڈیم ایکس روڈ تک نکالی گئی اس ریالی میں ضلع فارسٹ آفیسر محترمہ پدمجا رانی، ڈی آر ڈی اے پراجکٹ ڈائرکٹر مسٹر سیتا راما راؤ، کمشنر بلدیہ مسٹر سمیا، ڈسٹرکٹ سائنس آفیسر مسٹر راجی ریڈی کے علاوہ دیگر سرکاری عہدیداروں و ملازمین اور اسکول و کالجس کے طلبہ و اساتذہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ضلع کلکٹر نے یہاں شجرکاری کے دوران منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جنگلات کا تناسب صرف 12 فیصد ہے جس کو اس طرح کے پروگرامس منعقد کرکے اضافہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ قاعدہ کے مطابق جنگلات 33 فیصد ہونا چاہیئے۔ بعد ازاں سبھی نے لگائے گئے پودوں کی بہتر نگہداشت کرنے کیلئے ہاتھ اٹھاکر حلف بھی لیا۔