میدک /26 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرکل انسپکٹر پولیس میدک ٹاون مسٹر کمریا کی صدارت میں ٹی این جی اوز بھون میں گنیش اتسو کمیٹی اور امن کمیٹی قائدین کا اجلاس منعقد ہوا ۔ مسٹر کرمیا نے کہا کہ ٹاون میں جہاں گنیش مورتیاں بٹھائی جائیں گی ذمہ داروں کو چاہئے کہ اجازت نامہ حاصل کرلیں اور برقی استعمال کیلئے بھی محکمہ ٹرانسکو میں ڈی ڈی ادا کرتے ہوئے اجازت لے لیں ۔مسٹر کرمیا نے کہا کہ کسی بھی گنیش منڈپ پر ڈیجیٹل ساؤنڈ کے استعمال پر سختی کے ساتھ پابندی رہے گی ۔ سرکل انسپکٹر رامائم پیٹ مسٹر نندیشور ریڈی نے کہا کہ نمرجن کے موقع پر کسی عام راہ گیر پر گلال نہ ڈالیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاون کی امن کی فضاء کو مکدر کرنے والے عناصر کو بخشا نہیں جائے گا ۔ جلوسیوں کو چاہئے کہ اپنا تہوار پرامن طور پر منائیں ۔ مسلم عبادت گاہوں کا جلوس کے دوران خیال رکھیں ۔ صدرنشین بلدیہ مسٹر اے ملکارجن گوڑ نے بھی شرکت کی ۔ انہوںنے شب کے بجائے دن کے اوقات میں گنیش نمرجن جلوس نکالنے کی خواہش کی۔اس اجلاس کو مسٹر محمد عارف حسین نائب صدر عیدگاہ کمیٹی نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر سب انسپکٹرس پولیس مسرز ہنمنتو ، انجیا بھی موجود تھے ۔ علاوہ ازیں دیگر شہری مسرز سی نریندر ، رام چرن یادو ، محمد خالد ، غوث قریشی ، سید منیر محی الدین ، محمد اسماعیل ، جی سرینواس موجود تھے ۔