میدک میں آشا ورکرس کا احتجاج جاری

میدک۔یکم اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک ٹاؤن میں آشا ورکرس کا احتجاج جاری ہے ‘ ان کا احتجاج اب دوسرے ماہ میں داخل ہوگیا لیکن تاحال برسراقتدار پارٹی تو کیا اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے کسی بھی قائد نے ہڑتالی کیمپ واقع رام داس ایکس سرکل پہنچ کر یگانگت کا اظہار بھی نہیںکیا ۔ یہ احتجاج کو صرف سی پی ایم کی تائید حاصل ہے ۔ آشا ورکرس نے اپنے معاونوں میں اضافہ کرتے ہوئے 15,000/-روپئے ماہانہ مقرر کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ آشا ورکرس نے کل یہاں جائے احتجاج پر نظام آباد کی رکن پارلیمنٹ کے کویتا کا علامتی پُتلا نذرآتش کیا ۔ آشا ورکرس نے شریمتی کویتا کی جانب سے یہ کہے جانے پر کہ احتجاج غیر واجبی ہے اور انہیں دیئے جانے والے معاوضہ ہی کو مناسب قرار دیا تھا ۔ آشا ورکرس روزانہ احتجاجی ریالی بھی منظم کررہے ہیں ‘ کبھی سڑکوں پر جھاڑو لگارہے ہیں ‘ کبھی دکانوں پر بھیک مانگ رہے ہیں تو کبھی سڑک پر پکوان کررہے ہیں لیکن ان کے احتجاج کو حکومت توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ میدک کے علاوہ علاقہ اسمبلی کے منڈلوں ‘ چنا شنکرم پیٹ ‘ پاپنا پیٹ اور رامائم پیٹ مستقروں پر بھی آشا ورکرس کے احتجاجی پروگرامس جاری ہیں ۔