میدک میںاین ۔ ڈی ۔ ایس ۔ایل کی ہڑتال جاری

میدک۔2جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر ریونت ریڈی ایم ایل اے کوڑنگل و ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے کہا کہ میدک این ڈی ایس ایل کو صرف 300/- کروڑ روپیوں کی اجرائی پر دوبارہ کشادگی عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔ ریاستی وزیراعلیٰ اپنے دو سالہ میعاد سے متعلق کامیابی کے ڈنکے بجا رہے ہیں‘ جشن تلنگانہ پروگرام منائے جارہے ہیں لیکن میدک این ڈی ایس ایل کے ورکرس و اس فیاکٹری سے منسلک نیشکر کاشتکاروں کی اجڑی و ابتر زندگیوں کو دیکھتے ہوئے بھی چین کی نیند سورہے ہیں جبکہ انتخابات سے قبل اقتدار حاصل ہونے کے 100دنوں کے اندر میدک ‘ بودھن اور مٹ پلی شوگر فیکٹریوں کو حکومت زیرانتظام چلانے کا اعلان کیا لیکن وعدہ وفا نہ ہوسکا ۔ کے چندر شیکھر راؤ این ڈی ایس ایل ملازمین کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ مسٹر ریونت ریڈی میدک این ڈی ایس ایل ورکرس کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام 17دنوں سے جاری زنجیری بھوک ہڑتال کیمپ واقع این ڈی ایس ایل پہنچ کر اپنی پارٹی تلگودیشم کی جانب سے یگانگت کا اظہار کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ آئندہ عام انتخابات میں خاندانی محور پر چلنے والی ٹی آر ایس حکومت یقینی طور پر ناکام ہوجائے گی اور ریاست میں تلگودیشم پارٹی اپنی سرکار بنائے گی ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ این ڈی ایس ایل فیکٹری کا اچانک لے آف محض خانگی انتظامیہ اور حکومت کی ملی بھگت ہے ۔ انہوں نے بلاکسی نوٹس کے فیکٹری کو لے آف کردینے سے فیکٹری 300ورکرس کے کم از کم ڈھائی ہزار افراد سڑکوں پر آگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹری کے پریشان حال ملازمین کے پاس اپنے بچوں کی تعلیم جاری رکھنے کیلئے پیسہ نہیں ہے ۔ علاج و معالجہ کیلئے ڈاکٹر و دواخانے سے رجوع ہونا تو دور کی بات بلکہ میڈیکل شاپس پر کیفیت حال بتاکر دوائی لینے سے بھی قاصر ہیں ۔ آخر میوںانہوں نے ورکرس کو چھ ماہ سے ادا شدنی تنخواہوں کی فی الفور اجرائی کا مطالبہ کیا ۔سابق صدر تلگودیشم ضلع میدک و سابق چیرمین بلدیہ مسٹر بٹی جگپتی کی صدارت میں منعقدہ اس احتجاجی جلسہ می ںصدر ضلع تلگودیشم پارٹی شریمتی ششی کلا یادو ‘ آرگنائزنگ سکریٹری مسٹر اے کے گنگا دھر راؤ ‘ صدر اسٹیٹ کسان سیل مسٹر جی پرتاب ریڈی ‘ کے مانک ریڈی صدر جوائنٹ ایکشن کمیٹی ورکرس این ڈی ایس ایل مسٹر پی سدی راملو گوڑ نے بھی مخاطب کیا ۔ آج کی اس بھوک ہڑتال میں حصہ لینے والے ورکرس مسرز راجپا ‘ محمد غوث ‘اوپندر ‘ اے پربھاکر نے حصہ لیا جنہیں ریونت ریڈی نے لیموں رس پلاکر ہڑتال ختم کروایا ۔ مسٹر ایس یادگیری کے اظہار تشکر پر احتجاجی جلسہ کا اختتام ہوا ۔ بعدازاں سبھی شرکاء نے مسٹر بٹی جگپتی کی زیرقیادت ایک ریالی کے ذریعہ دفتر آر ڈی او پہنچ کر ایک یادداشت پیش کی ۔