میدک۔18جون(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی حکومت انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کافی کوشاں ہے۔اس سلسلہ میں ریاستی حکومت نے 25لاکھ مقروض کسانوں کو تلنگانہ ریاست کے زرعی مقاصد کیلئے بنک سے حاصل کردہ قرضوں کو18ہزار کروڑ روپئے معاف کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔اس منصوبہ پر عمل آوری کیلئے بنکس کے عہدیداروں سے مشاورت بھی جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی ورکن اسمبلی میدک شریمتی ایم پدما دیویندر ریڈی نے بحیثیت ڈپٹی اسپیکر تلنگانہ اسمبلی منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ میدک آمد کے موقع پر میدک کے آر اینڈ بی گیسٹ ہائوز میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ساتھ علاقہ تلنگانہ کی عوام کوبھی مستقل آگے آنا چاہئے۔ایم پدما نے اپنے پریس کانفریس میں ڈپٹی اسپیکر نامزد کئے جانے پر تلنگانہ ریاست کے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر رائو کا شکریہ ادا کیا۔ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی ایم پدما دیویندر ریڈی کی پہلی مرتبہ میدک آمد پر میدک کے ویلکم بورڑ پر ٹی آر ایس کارکنوں کی جانب سے فقید المثال اور ایک بہت ہی بڑی بائک ریالی نکالتے ہوئے ٹائون کے مشہور رام داس چوراہا،اور بس ڈی پو کے روبرو زبردست پٹاخہ بازی کرتے ہوئے انہیں میدک کے آر اینڈ بی گیسٹ ہائوز لایا گیا۔ایم پدما دیویندر ریڈی جیسے ہی آر اینڈ بی گیسٹ ہائوز پہونچی تو قاعدہ کے مطابق گارڑ آف آنر کی سلامی لی۔اس موقع پر آر ڑی او میدک شریمتی وناجا دیوی نے ایم پدما دیویندر ریڈی کی گلپوشی اور شال پوشی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔بعد ازاں مختلف تنظیموں کی جانب سے ایم پدما کی گلپوشی اور شال پوشی کرتے ہوئے انہیں مٹھائی کھلائی گئی۔میدک پریس کلب کی جانب سے صد ر پریس کلب میدک مسٹر کاماٹی کشن،سکریٹری مسٹر شنکر دیال چاری،نیشنل کونسل ممبر محمد فاروق حسین،مسٹر سرینواس ریڈی کی قیادت میں سبھی صحافیوں نے ایم پدما کی گلپوشی اور شال پوشی کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔اس موقع پرصدر ٹائون ٹی آر ایس محمد سلام، بلدی کونسلرس مسرز ملکارجن گوڈ،ایم اے حمید،جلّہ گائتری،ایم لکشمی،چندرا کلا،اشوک، مایا ملیشم، گووند، میدک زیڈ پی ٹی سی لاونیا ریڈی،کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین محمد افسر،سید اسرار الدین،سردار علی خان،محمد عبد الرئوف،ایم اے غفّار،سید صفدر علی،گنگا دھر،کرشنا ریڈی،مرزا سلیم بیگ پٹیل،کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ایم پدما دیویندر ریڈی کی میدک آمد پر ڈی ایس پی میدک مسٹر ایس گودھرو کی نگرانی میں پولیس کا معقول بندوبست کیا گیا۔علاوہ ازیںایم پدما کی آمد پر ٹی آر ایس کارکنوں میں کافی جوش وخروش دیکھا گیا۔اور عوام کا ہجوم پدما دیویندر ریڈی سے ملاقات کرنے اور ان کی گلپوشی اور شال پوشی کرنے کیلئے آر اینڈ بی گیسٹ ہائوز پہونچ گیا۔