میدک۔ اکنا پیٹ ریلوے لائن کے کاموں پر اجلاس

میدک میں ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی کی پریس کانفرنس
میدک ۔ یکم مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دفتر معتمدی تلنگانہ ( ریاستی سکریٹریٹ ) میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے ، محکمہ مال، محکمہ جنگلات کے اعلیٰ عہدیداروں کا ایک اہم اجلاس 3مارچ کو منعقد کیا جارہا ہے۔ جس میں میدک۔ اکنا پیٹ ریلوے لائن کے کاموں کا آغاز کرنے سے متعلق غور و خوض کیا جائے گا۔ ریاستی ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی ( ایم ایل اے میدک ) محترمہ ایم پدما دیویند رریڈی نے آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز میدک میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران یہ بات بتائی۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ میدک کی عوام اپنے ذہنوں میں ریلوے لائن سے متعلق کوئی منفی سوچ نہ رکھیں عنقریب موجود بجٹ سے ریلوے لائن بچھانے کے کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔ اس طرح آئندہ بجٹ میں بھی مزید رقم ان کاموں کیلئے منظور ہوگی۔ اس موقع پر پدما دیویندر ریڈی نے مزید کہا کہ بہت جلد میدک ٹاؤن کی اہم سڑک کو کشادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہلدی ندی سے لیکر بودھن ایکس وے تک ڈبل ڈیوائیڈر تعمیر کرلئے جائیں گے جس کے لئے 16کروڑ منظور کئے گئے ہیں۔ پدما دیویندر ریڈی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یقینا عنقریب میدک ٹاؤن ضلع ہیڈ کوارٹر بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میدک ٹاؤن کے پشپال ویگا ندی کے برج کو اونچا کیا جائے گا جس کے لئے 2.90 کروڑ روپئے منظوری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت مرحلہ وار انداز میں انتخابات سے قبل کئے گئے وعدوں پر عملی جامہ پہنارہی ہے۔ بیڑی مزدوروں کو وظائف کی اجرائی جاریہ ماہ سے ہی عمل میں آچکی ہے۔ ٹاؤن کے نواح پلی کویٹال میں سینئر جرنلسٹس کو تعمیر امکنہ کیلئے پلاٹس فراہم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر صدر نشین و نائب صدر نشین بلدیہ مسرز اے ملیکارجن گوڑ، راگی اشوک، بلدی کونسلرس، ایچ گنگادھر، مایاوینکٹیشم، ایم اے حمید اور دیگر قائدین کرشنا ریڈی، محمد متین، پدما راؤ اور دیگر موجود تھے۔