میتھیوز کی غیرمفتوح سنچری، سری لنکا کو 241 رنز کی سبقت

ابوظہبی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انجیلو میتھیوز نے کپتانی اننگز کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف غیرمفتوح سنچری اسکور کی بلکہ یہاں پاکستان کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر ٹیم کو 241 رنز کی صحتمند سبقت دلواتے ہوئے ٹیم کو امکانی شکست سے باہر نکالتے ہوئے مستحکم موقف میں پہنچا دیا ہے۔ چوتھے دن جب کھیل کا اختتام ہوا تو سری لنکا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 420 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ نیز میتھیوز 282 گیندوں میں 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 116 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ دوسرے ناٹ آوٹ بیٹسمین وکٹ کیپر بیٹسمین جئے وردھنے ہیں جنہوں نے 107 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 48 رنز اسکور کرنے کے علاوہ کپتان کے ہمراہ چھٹی وکٹ کیلئے 96 رنز کی پارٹنر شپ نبھالی ہے۔ سری لنکا نے اپنے کل کے اسکور 186/4 سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ کل کے ناٹ آوٹ بیٹسمین چنڈی مل نے 166 گیندوں میں 12 چوکوں کی مدد سے 89 رنز اسکور کئے۔ پاکستانی بولروں کو دن بھر کی محنت کے بعد صرف چنڈی مل کی وکٹ حاصل ہوئی جنہیں جنید خان نے راحت علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا۔

آئی پی ایل 7، دو مرحلوں میں انعقاد متوقع
ممبئی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی ان امکانات پر غور کررہا ہیکہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتویں سیزن کو دو مرحلوں میں منعقد کیا جائے جیسا کہ ٹورنمنٹ کا پہلا مرحلہ ہندوستان میں منعقد کیا جائے جبکہ دوسرے مرحلہ کو کسی بیرونی ملک منتقل کردیا جائے کیونکہ جب ہندوستان میں عام انتخابات منعقد ہوں گے تو ان کی تواریخ سے آئی پی ایل کے تصادم کو روکا جاسکے۔ بی سی سی آئی کے عہدیدار نے میڈیا نمائندوں سے یہ تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بورڈ کا منصوبہ ہیکہ آئی پی ایل کو دو مرحلوں میں منعقد کیا جائے لیکن ابھی کسی فیصلہ کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں عام انتخابات کے انعقاد اور سیکوریٹی انتظامات کے پیش نظر آئی پی ایل کو ان تواریخ میں کسی دوسرے مقام کو منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات اپریل، مئی 2014ء میں منعقد شدنی ہے، لہٰذا بورڈ اس منصوبہ کی تفصیلات پر غور کررہا ہیکہ آئی پی ایل 7 کو دو مرحلوں میں منعقد کرتے ہوئے دوسرے مرحلہ کیلئے جنوبی افریقہ یا سری لنکا کی میزبانی کو حتمی شکل دی جاسکے۔ یاد رہے 2009ء میں بھی جب ہندوستان میں عام انتخابات منعقد ہوئے تھے تب آئی پی ایل کا انعقاد جنوبی افریقہ میں کیا گیا تھا۔