میتھیوز کو ونڈے اور ملنگا کو ٹی ٹوئنٹی میں قیادت

کولمبو ، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر انجیلو میتھیوز اور فاسٹ بولر لستھ ملنگا کو مارچ 2015ء تک ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ سری لنکن بورڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آل راؤنڈر میتھیوز کو مارچ 2015ء تک ایک روزہ ٹیم کا کپتان بنایا گیا جبکہ لہیرو تھریمانے اُن کے نائب ہوں گے۔ T20 ٹیم کے سابق کپتان دنیش چندیمل کی چھٹی کر کے فاسٹ بولر ملنگا کو مارچ 2015 ء تک ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ملنگا کو گزشتہ ماہ بنگلہ دیش میں منعقدہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور ان کی قیادت میں سری لنکا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا۔

سپریم کورٹ نے آئی پی ایل اسکینڈل تحقیقاتی کمیٹی مسترد کردی
نئی دہلی ، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی تجویز کردہ تحقیقاتی کمیٹی مسترد کردی۔ تین رکنی کمیٹی میں سابق ہندوستانی کھلاڑی روی شاستری کا نام بھی شامل تھا۔ بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر آئی پی ایل اسکینڈل کی تحقیقاتی کمیٹی کے نام سپریم کورٹ کو پیش کئے۔عدالت نے کمیٹی میں موجود نام مسترد کرتے ہوئے مڈگل پینل کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی تحقیقات جاری رکھیں۔تین رکنی کمیٹی کو آئی پی ایل کی تحقیقات کے لئے بورڈ نے نامزد کیا تھا۔کمیٹی میں سی بی آئی کے سابق سربراہ آر کے راگھوان، کولکاتا ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس جے این پٹیل اور سابق کرکٹر روی شاستری کے نام شامل تھے۔