میتھیوز اور ہیراتھ کو سری لنکا کے ایوارڈس

کولمبو۔یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )اینجلو میتھیوز نے  سری لنکا کے ون ڈے اورٹسٹ آل راؤنڈر آف دی ایئر ایوارڈ اپنے نام کرلئے۔ رنگنا ہیراتھ ٹسٹ بولر آف دی ایئر اور دنیش چندی مل بہترین ٹسٹ بیٹسمین قرار پائے۔ تلکرتنے دلشان ٹی ٹوئنٹی بیٹسمین آف دی ایئر ایوارڈ کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔دریںاثناء کرکٹ سری لنکا کی سالانہ ایوارڈز تقریب میں پاکستانی سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے بھی شرکت کی چونکہ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے اگلے ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والے دورے کی تیاریوں کے لئے  وسیم اکرم کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔سری لنکا کرکٹ بورڈ کے سربراہ تھیلانگا سوماتھیپالا نے کہا کہ وسیم اکرم نے ہمارے منصوبے کا حصہ بننے کی دعوت کو قبول کرلیا ہے جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔سوماتھیپالا نے کہا کہ اگر سری لنکائی ٹیم کی درست سمت میں رہنمائی کی گئی تو وہ ورلڈ کپ 2019 جیت سکتی ہے۔خیال رہے کہ سری لنکا نے ورلڈ کپ 1996 لاہور میں منعقدہ فائنل میں کامیابی حاصل کرکے چمپئن بننے کا اعزاز کیا تھا جبکہ 2007 اور 2011 کے دونوں عالمی کپ کے فائنل تک رسائی کی تھی۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے زمبابوے کے کامیاب دورے کے بعد تربیتی سیشن کا اہتمام کیا ہے۔
جبکہ ٹیم نے زمبابوے میں منعقدہ سہ فریقی سیریز میں کامیابی سے قبل میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔سری لنکا کرکٹ ٹیم اگلے ماہ جنوبی افریقہ کے دورے پر روانہ ہوگی جہاں وہ 3 ٹسٹ، 5 ونڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی جس کا آغاز 26 دسمبر کو ہوگا۔جنوبی افریقہ کے مشکل دورے کو دیکھتے ہوئے بورڈ نے وسیم اکرم جیسے عظیم بولر کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وسیم اکرم کو پاکستان کی جانب سے ٹسٹ اور ونڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے، انھوں نے ٹسٹ میں 414 اور 356 ونڈے میچوں میں 502 وکٹیں حاصل کی ہیں۔سری لنکا کے ہیڈکوچ گراہم فورڈ نے ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سخت چیلنج کا سامنا ہوگا۔واضح رہے کہ سری لنکا نے رواں سال اگست میں عالمی چمپیئن آسٹریلیا کو تین میچوں کی ٹسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا تھا جو ایک ریکارڈ ہے تاہم یہ سیریز سری لنکا کی ہی سر زمین پر کھیلی گئی تھی۔ٹسٹ کرکٹ میں دو بہترین سیریز کے باوجود سری لنکن ٹیم درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر موجود ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کا پانچواں نمبر ہے۔