میتھالی کی نصف سنچری،ہندوستان سیمی فائنل میں داخل

پراویڈنس۔16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں ہندوستان نے آئرلینڈ کو 52 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی کے ساتھ پاکستان اور نیوزی لینڈ کو بھی اس دوڑ سے باہر کردیا۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں پر145 رنز بنائے جس میں میتھالی راج 51 اور سمرتی مندھانا33 رنز بنا کر نمایاں رہیں،کم گارتھ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آئرش ٹیم آٹھ وکٹوں پر93 رنز بنا سکی جس میں ایزوبیل جوائس کے 33 اورکلیر شیلنگٹن کے 23 رنزقابل ذکرہیں۔ رادھا یادیو نے تین اور دیپتی شرما نے دو وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی جس نے سیمی فائنل میں قدم رکھ کر گروپ بی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا کھاتہ بند کردیا۔ اس سے قبل ایونٹ کے گیارہویں میچ میں میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو 31 رنز سے شکست کر دوسری کامیابی یقینی بنائی۔ فاتح ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے کیسیا اے نائٹ کے 32 اورمیکلین کے 28 رنز کی بدولت سات وکٹوں پر107رنز بنائے۔ شبنم اسماعیل تین اور ڈین فان نائیکرک دو وکٹیں لے سکیں۔ جواب میں جنوبی افریقی ٹیم محض 76رنز بنا سکی جس میں مریزانے کیپ کے 26 رنز ٹاپ اسکور تھے۔ پلیئر آف دی میچ ویسٹ انڈیز کی ڈینڈرا ڈوٹن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ گروپ اے کے ایک اور مقابلے میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 25 رنز سے شکست دے کر پہلی کامیابی یقینی بنائی۔ سری لنکا نے ششی کلا سری وردنے کے31 رنز کی بدولت سات وکٹوں پر 97 رنز بنائے جواب میں بنگلہ دیش 72 رنز بنا سکی۔