میتھالی راج کو خارج کرنے پر افسوس نہیں:ہرمن

نارتھ ساؤنڈ۔23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ٹیم کی سب سے تجربہ کار کھلاڑی میتھالی راج کو سیمی فائنل جیسے اہم مقابلے میں ٹیم سے خارج کرنے کا ہندوستانی ٹیم کا شدید نقصان اٹھانا پڑا کیونکہ مڈل آرڈر کے ناکام ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف صرف 112 رنز پر ڈھیر ہوگئی لیکن ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے اپنے فیصلہ کا دفاع کیا۔ ہرمن نے کہا کہ گزشتہ مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا کیونکہ کسی کو شامل کرنے یا خارج کرنے سے زیادہ ٹیم کیلئے جو بہتر ہووہ فیصلہ ہوا لیکن بسا اوقات کچھ فیصلے ٹیم کے خلاف بھی جاتے ہیں اور آج بھی ایسا ہی ہوا۔ہرمن نے مزید کہا کہ انہیں اپنے فیصلے پر کوئی افسوس نہیں ہے۔دریں اثناء تجربہ کار کھلاڑی میتھالی کو باہر کرنے پر انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین اور ہندوستانی سابق ٹسٹ کھلاڑی سنجے منجریکر نے تعجب کا اظہار کیا ہے۔