میتھالی راج کو آئی سی سی کی مبارکباد

کوالالمپور ۔ 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی میتھالی راج ہندوستان کی ایسی پہلی کرکٹر بنی ہیں، جنہوں نے ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں 2000 رنز کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ 35 سالہ میتھالی راج نے یہ اعزاز سری لنکا کے خلاف 23 رنز کی اننگز کے دوران اوشاڈی رانا سنگھا کے خلاف سنگل رن لیکر حاصل کیا۔ میتھالی راج تاحال 75 مقابلوں میں 2015 رنز اسکور کرچکی ہیں۔ میتھالی راج کے اس اعزاز پر آئی سی سی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی جبکہ بی سی سی آئی نے بھی ہندوستانی سینئر کھلاڑی کو اس کارنامہ پر مبارکباد دی ہے۔ یاد رہے میتھالی راج اس فہرست میں شامل ساتویں کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل چارلوٹ ایڈورسٹ، اسٹیفون ٹیلر اور سوزین بیٹس بھی 2000 کا ہندسہ عبور کرچکے ہیں۔ دلچسپ طور پر ویراٹ کوہلی، روہت شرما اور سریش رائنا 1500 سے زائد رنز اسکور کرچکے ہیں لیکن کوئی بھی مرد کھلاڑی 2000 رنز کا نشانہ عبور نہیں کرپایا ہے۔