حیدرآباد /8 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) میاں پور کے علاقہ میں جائیداد کا تنازعہ ایک مکان کی بربادی کا سبب بن گیا اور ایک بھائی نے ساتھی کی مدد سے اپنے بھائی کا قتل کردیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 40 سالہ رام داس کا اس کے بھائی نے ساتھی کی مدد سے قتل کردیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول جب حالت نیند میں تھا تب قاتلوں نے اس کے ہاتھ پیر باندھے اور گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد تیزدھار ہتھیار سے اس کا گلا کاٹ دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ رام داس جو اپنی بیوی سے جھگڑے کے بعد والد کے یہاں رہتا تھا ۔ والد کو اراضی کے معاملہ میں ہراساں کر رہا تھا اس کے والد نے اراضی فروخت کرکے اور بطور اڈوانس رقم حاصل کی تھی ۔ نشہ کا عادی رام داس اس کے والد لکشمن پر رقم دینے کیلئے دباؤ ڈال رہا تھا ۔ اس دوران اس نے بھائی سے بھی جھگڑا کیا تھا ۔ منصوبہ بند طریقہ سے اس کے بھائی نے ساتھی کو مکان طلب کیا اور دونوں نے قتل کردیا ۔ میاں پور پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔