حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) میاں پور اراضی اسکام کے سلسلہ میں پولیس نے 5 افراد سے آج پوچھ تاچھ کی۔ تاہم اصل سرغنہ گولڈ اسٹون پرساد اور اُس کی بیوی اور داماد کی پولیس کو ہنوز تلاش ہے۔ حکومت نے اِس معاملے کی تحقیقات سی آئی ڈی کے حوالے کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عدالت نے ملزمین کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا۔ پولیس نے پوچھ تاچھ کے سلسلے میں 10 دن کے لئے پولیس تحویل میں دینے کی عدالت سے درخواست کی۔ کل 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جن میں دو ادارے اور 9 افراد شامل ہیں۔ پولیس نے سرکاری اراضی کو اپنے اور اپنے افراد خاندان کے نام پر رجسٹریشن کروانے والے اصل سرغنہ گولڈ اسٹون پرساد، اُس کی بیوی اندرا اور داماد روہت و دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتاری کے لئے 8 خصوصی ٹیموں کو متحرک کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ میاں پور سرکاری اراضی کا رجسٹریشن کروانے والے خاطیوں کے خلاف مائیلاردیو پلی، ایل بی نگر اور بالانگر پولیس اسٹیشن میں بھی اراضی اسکام اور دیگر کئی بے قاعدگیوں کے مقدمات موجود ہیں۔ سائبرآباد پولیس اِن تمام معاملات کی جانچ کررہی ہے۔واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اِس اسکام کی سی آئی ڈی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔