حیدرآباد ۔ /3 مارچ (سیاست نیوز) ونستھلی پورم پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں 8 ماہ کی دلہن نے اپارٹمنٹ سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 29 سالہ اے ناگرجیتا کی شادی ونستھلی پورم کے ساکن رگھوپرساد سے ہوئی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان معمولی بات پر جھگڑا ہوا کرتا تھا جس کے نتیجہ میں اس نے آج سشما سائی نگر واقع ایک اپارٹمنٹ سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور ناگرجیتا کے سسرالی رشتہ داروں نے اسے دواخانہ منتقل کیا لیکن وہ برسرموقعہ ہی فوت ہوگئی ۔ انسپکٹر ونستھلی پورم اے وینکٹیا نے بتایا کہ متوفی خاتون کوکٹ پلی میں واقع ایک خانگی اسکول میں ٹیچر کی ملازمت کیا کرتی تھی جبکہ اس کا شوہر رگھو پرکاش مادھوپور ہائی ٹیک سٹی میں سافٹ ویئر ملازم ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ناگرجیتا کے والدین نے پولیس سے شکایت درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی کو سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے مزید جہیز کیلئے ہراساں کیا جاتا تھا جس سے دلبرداشتہ ہوکر ناگرجیتا نے یہ انتہائی اقدام کیا ۔ پولیس نے متوفی خاتون کے رشتہ داروں کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔