میاں بیوی کے جھگڑوں کے دوران شوہر کا انتہائی اقدام

حیدرآباد /7 مئی ( سیاست نیوز ) میاں بیوی کے جھگڑوں کے دوران شوہر نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ منگل ہاٹ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 30 سالہ راج کمار نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پیشہ سے خانگی ملازم اس شخص کی شادی 10 سال قبل ہوئی تھی ۔ اور ان کے دو بچے ہیں ۔ گذشتہ روز راج کمار کا اس کی بیوی کویتا سے جھگڑا ہوا تھا اور بیوی نے شوہر سے بات بند کردی تھی ۔ کل راج کمار گھر سے نکلا اور رات دیر گئے مکان پہونچا مکان میں اس کا بڑا بھائی بھی بیوی بچوں کے ساتھ رہتا تھا ۔ یہ ایک مشترکہ خاندان تھا ۔ کمار مکان میں آیا اور اس کے کمرے میں جاکر خودکشی کرلی ۔ پولیس منگل ہاٹ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔