میامی 23 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے سابق عالمی نمبر ایک لیٹن ہیوٹ کو ڈبلیو ٹی اے میامی ماسٹرس ٹورنمنٹ کے تیسرے راونڈ میں 6 – 1, 6 – 3 سے شکست دیدی ۔ اسپینی اسٹار نڈال نے ڈھائی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئے میچ میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے ہیوٹ کو بہت پیچھے چھوڑ دیا تھا ۔ ہیوٹ پورے میچ میں اپنے روایتی انداز میں نظر نہیں آئے
اور انہیں میدان پر کافی مشکلات پیش آ رہی تھیں ۔ نڈال نے ‘ جنہیں پہلے راونڈ میں بائی مل گیا تھا ‘ پہلا سیٹ صرف 27 منٹ میں جیت لیا تھا اور دوسرا سیٹ انہوں نے 39 منٹ میں جیت کر جملہ 66 منٹ میں یہ کامیابی حاصل کرلی ۔ نڈال نے میچ کے بعد کہا کہ حالانکہ وہ 2012 سے میدان سے باہر تھے لیکن انہوں نے اس میچ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ انہیں خوشی ہے کہ وہ بہتر ٹینس کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس بہترین انداز میں ان کی واپسی ہوئی ہے اس سے اچھی واپسی کی امید نہیں کی جاسکتی ۔ نڈال کو آئندہ مقابلہ میں ڈینس اسٹومن کا سامنا کرنا ہوگا جنہوں نے اپنے تیسرے راونڈ کے میچ میں ڈیمٹری ٹرسونوف کے خلاف 6 – 7, 6 – 0 , 6 – 3 سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ لیٹن ہیوٹ کے مقابلہ میں رافیل نڈال کی یہ مسلسل چھٹی کامیابی ہے ۔
اس سے قبل وہ پانچ میچس جیت چکے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ لیٹن ہیوٹ کا بہت احترام کرتے ہیں۔ ان کیلئے ہیوٹ ایک بہترین مثال ہیں اور جس طرح سے وہ زخمی ہونے کے باوجود صحتیاب ہوکر میدان پر واپسی کرتے ہیں وہ دوسرے کھلاڑیوں کیلئے بھی ایک مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ فٹ رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ علاوہ ازیں عالمی دوسرے نمبر سیڈ اور تین مرتبہ کے میامی چمپئن نواک جوکووچ بھی اپنا تیسرے راونڈ کا میچ جیت کر چوتھے راونڈ میں داخل ہوگئے ۔ انہوں نے فلوریان مائیر کے خلاف میچ کھیلنا تھا لیکن وہ زخمی ہوکر دستبردار ہوگئے ۔ جوکووچ کا آئندہ میچ منگل کو ہونے والا ہے ۔
علاوہ ازیں خواتین کے زمرے میں عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمس اور روسی اسٹار ماریا شاراپوا بھی تیسرے راؤنڈ کے اپنے اپنے میچس میں جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کی اور چوتھے راونڈ میں داخل ہوگئیں۔ دفاعی چمپئن ولیمس اور گذشتہ سال کی رنر اپ شارا پوا کو اپنے مقابلوں میں کامیابی کیلئے جدوجہد کرنی پڑی ۔ شارا پوا نے چیک جمہوریہ کی لوسی سفروا کے خلاف 6 – 4, 6 – 7, 6 – 2 سے کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے تقریبا تین گھنٹوں تک چلے میچ میں یہ کامیابی حاصل کی ۔
جب انہوں نے سفرووا کے خلاف کامیابی حاصل کی وہ مسرت سے چیخ پڑیں۔ شارا پوا نے میچ کے بعد کہا کہ سفروا نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ وہ بہترین کھیل رہی تھیں ۔ انہوں نے مجھے سخت پریشان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی مل جانے پر وہ بہت خوش ہیں۔ سیرینا ولیمس کو بھی اپنے میچ میں جدوجہد کے بعد فرانس کی کیرولین گارشیا کے مقابلہ میں 6 – 4, 4 – 6, 6 – 4 سے کامیابی حاصل ہوئی ۔ ان کا میچ بارش کی وجہ سے 45 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا تھا ۔ ولیمس ساتویں مرتبہ یہ خطاب جیتنے کوشاں ہیں ۔ ولیمس نے کہا کہ حالانکہ ان کی مخالف کھلاڑی نے اچھا مظاہرہ کیا لیکن خود انہوں نے بھی اس میچ میں کئی غلطیاں کیںجس کی وجہ سے میچ میں انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔