میامی۔4اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) میامی اوپن کے اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں اینڈی مرے اور نوواک جوکووچ کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا ۔ مرے اس ہفتہ اواخر پر شاندار فتح کے خواہاں ہیں جبکہ جوکووچ دوہری کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ فائنل تک رسائی کیلئے جمعہ کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں جمہوریہ چیک کے تھامس برڈچ کو 6-4 ‘ 6-4 سے شکست دینے کے بعد مرے اپنے تیسرے میامی ٹائیٹل پر نظریں مرکوز کرچکے ہیں ۔ مرے جو اپنے کریئر میں 500میچس کھیلنے والے سرکردہ کھلاڑیوں کے گروپ میں گذشتہ ہفتہ ہی شامل ہوئے ہیں ‘ اتوار کو اپنے کریئر کے چوتھے فائنل میں حصہ لیں گے ۔ جوکووچ جنہوں نے اپنے آٹھویں گرینڈ سلام ٹائیٹل کیلئے رواں سال کے اوائل کے دوران آسٹریلین اوپن میں مرے کو شکست دی تھی ‘ میامی کے دوسرے سیمی فائنل میں جان ایسنر کو 7-6 ‘ 6-2 سے شکست دی ۔27سالہ جوکووچ تین مختلف موقعوں پر انڈین ویلس اور میامی ماسٹرس کے سخت جان ٹائیٹلس حاصل کرنے والے پہلے ٹینس اسٹار بننا چاہتیہ یں ۔ انہوں نے سخت گیر امریکی کورٹ پر 2011ء اور پھر گذشتہ سال ٹائیٹل حاصل کیا تھا‘جوکووچ نے مرے کے بارے میں کہا کہ ’’ ہم پہلے بھی ایسے کھیل سے گزرے ہیں ‘ اس سال ہم دو مرتبہ کھیل چکے ہیں ‘‘ ۔