میئر کے 2 نشستوں پر کامیابی سے بی ایس پی کے حوصلے بلند

لکھنؤ۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یوپی کے بلدی چناؤ میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)شہری علاقوں میں 22 سال کے دوران پہلی مرتبہ غیرمتوقع مظاہرہ کرکے سب کو حیرت میںڈال دیا ہے چونکہ روایتی طور پر یوپی کے شہری علاقوں میں بی ایس پی کا مظاہرہ ناقص درج کیا گیا ہے تاہم اس مرتبہ بی ایس پی نے ماضی کی شکست سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنے کارکنوں میں نئے جوش و جذبہ پیدا کرتے ہوئے بی جے پی کے مضبوط گڑھ میرٹھ اور علیگڑھ کے میئر کے عہدہ پر قبضہ جما لیا۔ پارٹی قیادت نے اس کامیابی کو کارکنوں کی جدوجہد اور پارٹی کی نئی حکمت عملی کے نام معنون کیا۔

 

یوپی میں نیپال سے متصل سرحد پر سکیورٹی میں اضافہ
مہاراج گنج۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیپال میں مجوزہ اسمبلی الیکشن کے پیش نظر حکومت نے یوپی میں نیپال سے متصل 500 کیلومیٹر طویل سرحد پر سکیورٹی اقدامات میں زبردست اضافہ کردیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے سشتر سیمابل کے کمانڈنٹ شودیال نے آج کہا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ عہدیداروں کی جانب سے منعقدہ اِک حالیہ اجلاس کے دوران مذکورہ سرحد کو الیکشن سے تین روز قبل مکمل طور پر بند کردیا جائے گا اور عوام کی نقل و حرکت پر بھی مکمل پابند عائد رہے گی۔ واضح رہے کہ نیپال میں 7 ڈسمبر کو اسمبلی انتخابات مقرر ہے۔ ان کے مطابق یوپی کے لکشمی پور کھیری، سدھارتھ نگر، پیلی بھیٹ، کوشی نگر، بہرائچ، سرسوتی اور بلرامپور جئے اضلاع میں سکیورٹی اقدامات میں اضافہ کیا جائے گا، جہاں سکیورٹی عملہ چوبیسیوں گھنٹے سخت نگرانی کریں گے۔ اس کام کیلئے پیرا ملٹری فورسیس، سیول پولیس اور خفیہ ایجنسیاں بھی چوبیسوں گھنٹے سرحدی سلامتی پر نظر رکھیں گے۔