نئی دہلی۔3جنوری( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف رواں ٹسٹ سیریز کے اختتام سے قبل ہی مقابلوں کو ادھورا چھوڑ کر ٹسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے ‘ لہذا ان کے اس فیصلے کے بعد دھونی پر ہندوستان کی مستقبل میں نمائندگی پر پابندی عائد کردی جانی چاہیئے ۔ ان خیالات کااظہار تھیٹر کے آرٹسٹ ٹام الٹر نے کیا ہے ۔ ٹام نے اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ سابق کھلاڑیوں نوجوت سنگھ سدھو اور لالہ امرناتھ کی طرح مہیندر سنگھ دھونی نے بھی بیرون ملک سیریز میں ہندوستان کا اچانک ساتھ چھوڑ دیا ہے اور انہوں نے تو بحیثیت کپتان ٹیم کو سیریز کے دوران ہی چھوڑ دیا ہے ۔ اپنے مضمون میں ٹام نے ہندوستانی ٹیم کے کپتان کو ایک ویلن اور غدارقرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنٹلمین سیریز کو درمیان میں ہی چھوڑ دیا ہے اور وہ بھی بحیثیت کپتان ‘ ان کا یہ عمل ناقابل فہم ہے
۔ دھونی کی ٹسٹ کرکٹ سے اچانک سبکدوشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹام نے کہا کہ دھونی نے قیادت سے برطرف کئے جانے سے پہلے ہی کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ان کی شخصیت کی ترجمانی ہوتی ہے کہ وہ کتنے گھمنڈی ہے اور کھیل سے ان کو کتنی دلچسپی ہے ۔ ٹام نے دھونی کو اور ان کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دھونی نے نہ صرف معاہدہ توڑا ہے بلکہ انہوں نے کروڑہا کرکٹ شائقین کے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچائی ہے جو کہ جنون کی حد تک کھیل کو پسند کرنے کے علاوہ دھونی کو کافی عزت دی تھی ۔ دھونی نے جو فیصلہ کیا ہے وہ دراصل کارپوریٹ اداروں کو خوش کرنے کیلئے کیا ہے
کیونکہ دھونی کے نزدیک ٹیم کی کامیابی یا ناکامی اہم نہیں بلکہ وہ آمدنی کیلئے ایک ’’ برانڈ‘‘ کی حیثیت سے کام کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ مہیندر سنگھ دھونی نے گذشتہ ہفتہ ملبورن میں منعقدہ سیریز کے تیسرے ٹسٹ میں مقابلے کے ڈرا ہونے کے بعد ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ کرکٹ دنیا کیلئے حیران کن فیصلہ رہا ۔ 30ڈسمبر 2014ء کو دھونی کے ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہونے کے فیصلہ کے ساتھ 6جنوری کو سڈنی میں شروع ہونے والے سیریز کے چوتھے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت ویراٹ کوہلی کریں گے ۔ دھونی نے اپنی آخری ٹسٹ اننگز میں ناقابل تسخیر 24رنز اسکور کئے
جب کہ باکسنگ ڈے ٹسٹ بغیرنتیجہ کے ختم ہوا جس کے باوجود آسٹریلیائی ٹیم کو سیریز میں ناقابل تسخیر 2-0کی سبقت حاصل ہے جس کی بدولت اس نے گواسکر ۔ بارڈر ٹرافی پر قبضہ کرلیا ہے ۔دھونی نے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے پانچویں دن ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا ‘ حالانکہ کے مقابلے کے اختتام کے بعد عموماً جو پریس کانفرنس ہوتی ہے اس میں دھونی نے سبکدوشی کا اعلان نہیں کیا بلکہ اس کے برعکس بی سی سی آئی نے سماجی رابطے کے ویب سائیٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے دھونی کے فیصلے سے عوام کو واقف کروایا ہے ۔دریں اثناء دھونی نے2015ء ورلڈ کپ کے بعد ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا لیکن اس طرح اچانک ان کے فیصلے نے کئی شبہات کو جنم دیا ہے۔ دھونی نے 90ٹسٹ میں ہندوستان کی نمائندگی اور60ٹسٹوں میں ٹیم کی قیادت کی ہے ۔