مہیلا کا ٹوئنٹی 20 اور سنگا کارا کا ونڈے سے سبکدوشی کا اعلان

ڈھاکہ ۔ 17 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کرکٹ ٹیم کے دو سینئر کامیاب ترین بیٹسمینوں مہیلا جئے وردھنے اور کمارا سنگا کارا نے آج بالترتیب ٹوئنٹی 20 اور ونڈے ورلڈکپ کے بعد محدود اوور کی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے ۔ گزشتہ روز کمارا سنگا کارا نے اعلان کیا تھا کہ بنگلہ دیش میں رواں ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ کی محدود ترین طرز کے کھیل سے سبکدوش ہوجائیں گے اور آج انہوں نے ایک اور اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر منعقد شدنی آئی سی سی ونڈے ورلڈکپ 2015 ء کے بعد وہ ونڈے کرکٹ سے بھی سبکدوش ہوجائیں گے۔ سنگا کارا نے آج اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹسٹ اور ونڈے کرکٹ میں ایک ساتھ وقت دینا ان کیلئے مشکل ہوچکا ہے کیونکہ آئندہ برس منعقد شدنی ورلڈکپ تک وہ 37 برس کے ہوجائیں گے ۔

سنگاکارا کے بموجب 2015 ء ان کا آخری ورلڈکپ ہے کیونکہ اس کے بعد جب ونڈے ورلڈکپ کھیلا جائے گا تب تک ان کی عمر 41 برس کی ہوجائے گی اور یقیناً وہ اس عمر میں ونڈے نہیں کھیل پائیں گے ۔ لہذا فطری طور پر 2015 ء ان کا آخری ورلڈکپ ہوگا۔ ٹسٹ کرکٹ کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے سنگا کارا نے کہا کہ طویل طرز کی کرکٹ کیلئے فارم ، فٹنس اور کھیل سے لطف اندوزی ضروری ہے، جس کے ذریعہ ہی اس کرکٹ کے کیریئر کو برقرار رکھا جاسکتا ہے ۔ دریں اثناء مہیلا جئے وردھنے نے بھی بنگلہ دیش میں کھیلے جارہے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد تیز ترین کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے ۔ جئے وردھنے نے ٹوئنٹی 20 کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان آئی سی سی کے ٹوئٹر میرر مہم کے دوران کیا ہے جس میں کھلاڑی اپنے پیغامات تصویری شکل میں شائع کرتے ہیں۔ سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے مہیلا جئے وردھنے نے لکھا ہے کہ وہ کمارا سنگا کارا کی صف میں شامل ہوچکے ہیں جو 2014 ٹوئنٹی 20 ورلڈ کے بعد تیز ترین کرکٹ سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

جئے وردھنے نے 49 ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں 31.78 کی اوسط سے 1335 رنز بنائے ہیں اور اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 134.17 ہے۔ جئے وردھنے ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں تاحال سنچری بنانے والے 4 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جبکہ اس فہرست میں دیگر تین کھلاڑی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین سریش رائنا، ویسٹ انڈیز کے جارحانہ اوپنر گرس گیل اور نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مکالم شامل ہیں جبکہ جئے وردھنے کو ناقابل تسخیر 98 رنز کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ مہیلا جئے وردھنے اور سنگا کارا کی سبکدوشی کے اعلان کے بعد سری لنکائی ٹیم کے عبوری مرحلہ کا آغاز ہوچکا ہے جیسا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ہندوستانی ٹیم کو سینئر کھلاڑیوں کی سبکدوشی کی وجہ سے ایسے ہی حالات کا سامنا رہا ہے لیکن سنگا کارا مانتے ہیں کہ لہیرو تھریمینے اور دنیش چنڈیمل ’’سنگا ۔ مہیلا‘‘ کے جانشین ہوں گے۔