کولمبو۔15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے سابق کپتانوں مہیلا جے وردھنے اور کمارسنگا کارا نے نیوزی لینڈ میں ہوئے دہشت گرد واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سری لنکا کے مایہ ناز وکٹ کیپر بیٹسمین سنگاکارا نے کہا کہ کرائسٹ چرچ میں فائرنگ کے واقعہ پر بہت حیرانی اور افسوس ہوا، حملے کی ہولناکی اور متاثرین کے دکھ کو ہم سمجھتے ہیں اور میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ سری لنکا کے سابق کپتان جے وردھنے نے بھی دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان میں جب 10 برس قبل سری لنکائی ٹیم پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا تب سنگاکارا اور جے وردھنے دونوں ہی متاثرہ ٹیم کے رکن تھے۔