گال۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے دورہ میں فتوحات کے عزائم کے ساتھ پہنچی ہے اور گال میں کھلاڑیوں نے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کی سری لنکا روانگی سے قبل ایک ضابطہ اخلا ق کے تحت ٹیم انتظامیہ کے لئے دائرہ کار مقرر کیا ہے۔بیرونی دوروں میں پاکستان کے 11کھلاڑیوں کا انتخاب کپتان مصباح الحق،کوچ وقار یونس اور منیجر معین خان کریں گے۔دورے میں پی سی بی نے کسی کھلاڑی کو نائب کپتان مقرر نہیں کیا۔پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ٹسٹ چہارشنبہ کو شروع ہوگا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی کوچ وقار یونس کی صدارت میں پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔دوسری جانب سری لنکا کرکٹ نے سیریز کے لئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع کردی ہے۔گال پہنچنے کے بعد مصباح الحق نے کہا ہے کہ اگر ہمیں سری لنکا کو ان کے ملک میں شکست دینا ہے تو ان کے سرفہرست بیٹسمینوں کو جلدآئوٹ کرنا ہوگا۔مہیلا جے وردھنے اور کمارا سنگاکارا کو جلد آئوٹ کرکے ہی ان کی بیٹنگ لائن کو دبائو میں رکھا جاسکتا ہے۔پاکستان نے2006میں انضمام الحق کی قیادت میں آخری مرتبہ سری لنکا میں ٹسٹ سیریز جیتی تھی۔اسی سیریز میں پاکستان نے کینڈی ٹسٹ جیت کر سر ی لنکا کو ان کی سرزمین پر آخری مرتبہ ٹسٹ میں شکست دی تھی۔گذشتہ دو دوروں میں پاکستان کو فتح نہ مل سکی۔مہیلا جے وردھنے 12 اننگز میں26.70کی اوسط سے270رنز بناسکے تھے جبکہ کمار سنگا کارا نے 6 ٹسٹ میں102.62کی اوسط سے821رنز بنائے ہیں۔پاکستانی ٹیم کا اس سیریز میں پھر ایک مرتبہ حریف ٹیم کے سینئر بیٹسمینوں مہیلا جئے وردھنے اور کمارا سنگاکارا کو نشانہ بنانے کا منصوبہ ہے۔