مہیش بینک سرقہ میں ملوث سُنار ، بیوی ، بیٹا گرفتار
بینک کے سُنار کی حیثیت سے کام کرنے کے دوران نقلی چابیوں کی تیاری کا انکشاف،سائبر آباد پولیس کمشنر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) مہیش بینک کے سنسنی خیز سرقہ کی واردات میں ملوث سُنار ، اس کی بیوی اور بیٹے کو گرفتار کرتے ہوئے 4.5 کروڑ روپئے مالیت کے مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلیا گیا۔ کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر سی وی آنند نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 50 سالہ ایم برہما چاری جو پیشہ سے سُنار ہے، اور کرشی نگر ناگول کا ساکن ہے، جس کا تعلق ضلع ورنگل سے ہے اور اسے مہیش بینک میں رہن کیلئے رکھے جانے والے طلائی زیورات کی تصدیق کیلئے رکھا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سال 1991 ء سے 2004 ء تک ورنگل میں سُنار کا کام کیا اور بعد ازاں روزگار کیلئے حیدرآباد منتقل ہوکر جئے پوری کالونی ناگول میں رہنے لگا۔ اسی دوران آندھراپردیش مہیش کوآپریٹیو اربن بینک واقع اے ایس راؤ نگر کے انتظامیہ نے برہما چاری کو بینک کے سُنار کی حیثیت سے ملازمت پر رکھا اور رہن کیلئے رکھے جانے والے طلائی زیورات کی تصدیق کی ذمہ داری دی تھی۔ سال 2010 ء میں گرفتار سُنار نے اپنی دوسری بیٹی کی شادی کی جس کے باعث وہ تنگ دستی کا شکار ہوگیا تھا ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد نے بتایا کہ برہما چاری پرتعیش زندگی کا عادی ہے لیکن مہیش بینک سے حاصل ہونے والی تنخواہ سے اس کی گزر بسر کیلئے مشکلات پیش آرہی تھی۔ برہما چاری جو مہیش بینک کی سیکوریٹی کی فقدان سے بخوبی واقف تھا، نے بینک میں رہن رکھے گئے طلائی زیورات کا سرقہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا جس کے تحت بینک کے سینئر اکاونٹنٹ سے تجوری کی اصلی چابیاں حاصل کی اور ان چابیوں کی مدد سے نقلی چابیاں تیار کی۔ مسٹر سی وی آنند نے مزید بتایا کہ 28 نومبر کو رات دیر گئے 11 بجے بینک کے شٹر کھول کر اندر داخل ہوا اور پہلے سی سی ٹی وی کیمرہ کا کنکشن اور نقلی چابیوں کی مدد سے تجوری کھول کر آہنی دروازہ کو مشین سے کاٹ کر 15 کیلو طلائی زیورات جس کی مالیت 4.5 کروڑ ہے ، کا سرقہ کرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک خفیہ سی سی ٹی وی کی مدد سے برہما چاری کی ویڈیو گرافی حاصل کی گئی جس میں پولیس کو یہ واضح طور پر پتہ چل گیا تھا کہ برہما چاری نقاب پوش ہوکر بینک میں سرقہ کیا تھا۔ منصوبہ کے تحت برہما چاری نے ارتکاب جرم میں اپنی بیوی للیتا اور بیٹے ایم ویدا ویراٹ چاری کی مدد حاصل کی اور سرقہ کے فوری بعد مسروقہ طلائی زیورات انہیں اپل چوراہے پر حوالہ کیا اور اس کی بہن کے مکان واقع بوملا راما رم منڈل ضلع نلگنڈہ میں چھپانے کی ہدایت دی ۔ مسٹر آنند نے مزید بتایا کہ مہیش بینک میں سرقہ کی واردات کو چیلنج کے طور پر قبول کرتے ہوئے سائبر آباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم اور سنٹرل کرائم اسٹیشن کی ٹیموں کی مدد سے برہما چاری کو حراست میں لے لیا گیا اور اس کی تفتیش کی گئی۔ چاری نے تحقیقاتی عہدیداروں کو یہ بتایا کہ سرقہ کے علاوہ اس نے نقلی زیورات کو بھی اصلی ہونے کا سرٹیفکٹ دے کر بینک سے قرض حاصل کرتے ہوئے دھوکہ دہی کی ۔ پولیس نے مسروقہ مال برآمد کرتے ہوئے برہما چاری کی بیوی اور بیٹے کو بھی گرفتار کرلیا۔