حیدرآباد /15 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ مہیشورم میں پولیس نے کل رات دیر گئے ایک فارم ہاوز پر دھاوا کرتے ہوئے ریو پارٹی کو بے نقاب کردیا اور 7 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرانے شہر کے علاقہ دبیرپورہ کے ساکن ایک شہری کا مہیشورم سیری گیری ویلیج میں فارم ہاوز پایا جاتا ہے ۔ اس فارم ہاوز میں مالک فارم ہاوز کا ایک رشتہ دار اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پارٹی کر رہا تھا ۔ یہ بات انسپکٹر مہیشورم مسٹر من موہن نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس دھاوے میں پولیس نے دو لڑکیوں کو بھی حراست میں لے لیا جن کا تعلق ممبئی سے بتایا گیا ہے کہ یہ لڑکیاں نیم عریاں ڈانس کر رہی تھی ۔ انسپکٹر کے مطابق نیم برہنہ لڑکیوں کے ساتھ یہ سات نوجوان مگن تھے کہ پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی انجام دی اور دھاوا کرتے ہوئے 7 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 6 ہزار نقد رقم 6 سیل فون اور دو موٹر کاروں کو ضبط کرلیا ۔ لڑکوں کا تعلق دبیرپورہ چمپاپیٹ اور سرور نگر سے بتایا گیا ہے ۔ ان 7 لڑکوں میں تین طالب علم اور دیگر موٹر میکانک اور خانگی کام کرنے والے ہیں ۔ جنہیں پولیس نے عدالتی تحویل میں دے دیا اور نیم برہنہ انداز میں ڈانس کر رہی ۔ دو لڑکیوں کو پولیس نے ریسکیو ہوم منتقل کردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس فارم ہاوز میں یہ پہلی پارٹی تھی ۔