مہنگائی اب انتخابی مسئلہ نہیں رہا ، راجناتھ کا دعویٰ

مظفرپور (بہار) 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت نے افراط زر کو اچھی طرح قابو میں رکھا ہے اور 2004 ء کے بعد سے پہلی مرتبہ ہے کہ قیمتوں میں اضافہ عام انتخابات میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، مرکزی وزیرداخلہ اور سینئر بی جے پی لیڈر راجناتھ سنگھ نے آج یہ دعویٰ کیا۔ مودی حکومت نے یہ کارکردگی بھی پیش کی کہ وہ دہشت گردوں کو سزا دینے کی قابلیت رکھتی ہے جو کانگریس حکومت میں دیکھنے میں نہیں آیا۔ مالیاتی انتظام میں اچھی کارکردگی اور کرپشن کے خلاف مہم کے نتیجہ میں قیمتیں قابو میں رہی ہیں۔ آزادی کے بعد یہ محض دوسری مرتبہ ہے جب قیمتوں میں اضافہ الیکشن کا موضوع نہیں ہے۔ آخری مرتبہ ہم نے یہ صورتحال 2004 ء میں دیکھی تھی جب اٹل بہاری واجپائی کی قیادت میں قوم نے چناؤ میں حصہ لیا تھا۔ راجناتھ نے لوک سبھا حلقہ ویشالی کے تحت سرایا بلاک میں منعقدہ انتخابی ریالی سے خطاب کیا۔ اِس حلقہ میں اتوار کو چناؤ مقرر ہیں۔ راجناتھ نے واجپائی حکومت میں بھی وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیئے تھے۔