مہمان خانہ: آسائش گھر میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل

گھر کے سب ہی گوشے اہم اور سب سے قابل توجہ سمجھے جاتے ہیں تاہم اگر مہمانوں پر اچھا تاثر قائم کرنا ہے تو اس صورت میں گھر میں سب سے زیادہ اہمیت ڈرائنگ روم یعنی مہمان خانہ کو ترجیح دینی چاہئے ۔ ویسے تو ہر گوشے پر ہر کوئی توجہ دیتا ہے لیکن کبھی کبھی یہ توجہ اتنی زیادہ ہوجاتی ہے کہ گھر کا یہ حصہ گھر کے بقیہ حصوں سے علحدہ محسوس ہوتا ہے جو ڈرائنگ روم کی سجاوٹ کے اصولوں کے خلاف ہے ۔ اکثر گھروں کے ڈرائنگ روم کی سجاوٹ دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے آرائش اشیاء کی دکان یا ڈپارٹمنٹل اسٹور سجا دیا گیا ہو ۔ مہمان جو نئے نئے

اس ’’ مہمان سرائے‘‘ میں داخل ہوتے ہیں انہیں تاحد نگاہ اشیاء کا انبار لگانظر آتا ہے جس سے ایک بھی چیز دوسرے سے مماثل اور مربوط نہیں لگتی ۔ ایسے میں اس سجاوٹ پر پہلی نظر ڈالتے ہی مہمان کی نگاہ ذوق منتشر ہوجاتی ہے ۔ ذرا سوچئے ! مہمان ڈرائنگ روم میں داخل ہو اور اسے صوفے تک پہنچنے کیلئے دس مرتبہ کبھی اپنا ایک پاؤس ادھر تو کبھی اُدھر مارنا پڑے ‘ کبھی سر جھکا کر چلنا پڑے تو ایسے میں مہمان آپ کے ڈرائنگ روم کو کن الفاظ میں یاد کرے گا ؟ ‘ ماہرین آرائش خانہ کا کہنا یہ ہے کہ ڈرائنگ روم کی سجاوٹ چاہے جتنے بھی جدید انداز میں کیوں نہ کی جائے جب تک ایک شئے دوسرے سے مربوط نہ ہوگی تب تک انہیں سجاوٹ قرار نہیں دیا جاسکتا ‘بہترین سجاوٹ صرف وہ ہے جو دیکھنے میں مربوط ‘ سنبھالنے میں آسان اور پرکھنے میں اعلیٰ ذوق کی آئینہ دار محسوس ہو ۔ ڈرائنگ روم کی سجاوٹ میں کمرے کی دیواروں کا رنگ ‘ الماری اور میز وغیرہ کی سجاوٹ اہم سمجھی جاتی ہے لیکن سب سے پہلے ڈرائنگ روم کیلئے گھر کے خاص کمرے کا انتخاب ضروری ہے ۔ ویسے تو گھر کے کسی بھی کمرے کو نشست گاہ بنایا جاسکتا ہے

تاہم اصول یہ ہے کہ گھر کا وہ کمرہ ڈرائنگ روم کیلئے منتخب کیا جائے جو گھر کے داخلی دروازوں کے آس پاس ہو اور جس میں داخل ہونے یا باہر جانے کے لئے گھر کے اندرونی حصوں کا استعمال کم سے کم ہو ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بہت سے مہمان ایسے ہوتے ہیں جن کا تعلق براہ راست گھر سے نہیں ہوتا مثلاً آفس کے لوگ یا دوست احباب وغیرہ ایسے افراد جن کو مہمان نوازی کیلئے پورے گھر کا سیر کروانا ضروری نہیں ۔ کمرے کے انتخاب کے بعد اس کی سجاوٹ کا مرحلہ آتا ہے اس کیلئے آرائشی اشیاء کا انتخاب کیا جاتا ہے مثلاً پردے ‘ آرائشی الماری ‘ صوفے ‘ قالین ‘ پینٹنگز ‘ ماڈلز ‘ گھڑیاں ‘ میز ‘ گلدان ‘ کُشن وغیرہ ان سب کا استعمال عام ہے ۔ اس کے علاوہ ڈرائنگ روم کی دیوار میں سمنٹ سے بنی دیواری آرائش الماری بھی بنائی جاتی ہے ۔ کمرے میں داخل ہونے پر دروازے کے ساتھ ہی لائٹ جلانے کے سوئچ لگانا چاہیئے تاکہ سہولت رہے اور اندھیرے میں سوئچ ڈھونڈنے اور چیزیں ٹٹولنے سے محفوظ رہا جاسکے ۔