لکھنٔو، 6 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو بلند شہر میں گزشتہ 3 دسمبر کے گو کشی تشدد کے معاملے میں شہید ہونے والے پولیس انسپکٹر سبودھ سنگھ کے کنبے سے ملاقات کی۔مسٹر یوگی نے اپنی سرکاری رہائش گاہ 5 کالی داس مارگ پر متاثرہ کنبے سے ملاقات کی اور ان کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے قصورواروں کے خلاف کارروائی کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس واقعہ سے کافی دکھ ہوا ہے ۔ وزیراعلی نے سبودھ کے کنبے کو مدد دینے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ قصورواروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ ملاقات کے وقت پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) او پی سنگھ اور انچارج وزیر اتل گرگ بھی موجود تھے ۔متاثرہ خاندان سے ملاقات کے بعد وزیراعلی کی رہائش گاہ پر ڈی جی پی مسٹر سنگھ نے ایک پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کی جانچ ایس آئی ٹی سے کرائی جارہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سبودھ سنگھ کو شہید کا درجہ دے گی اور ان کے بچوں کی پوری مدد کی جائے گی۔