مہدی پٹنم بس اسٹاپ سے سارقوں کی ٹولی گرفتار

حیدرآباد /26 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) آصف نگر ڈیویژن پولیس نے ایک بدنام زمانہ ٹولی کو گرفتار کرلیا جو بسوں میں مسافرین کی توجہ ہٹاکر سرقہ کیا کرتے تھے ۔ اس ٹولی کو پولیس نے مہدی پٹنم بس اسٹاپ سے گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی ویسٹ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے آج اس ٹولی کو میڈیا کے روبرو پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمایوں نگر اور آصف نگر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔ جس میں 34 سالہ ایم پوتوراجو ساکن سعیدآباد ، بی راما کرشنا 46 سالہ ساکن میرپیٹ اور 45 سالہ خاتون ٹی سارتھماں ساکن میرپیٹ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ 18 تولہ طلائی زیورات کو ضبط کرلیا ۔ یہ ٹولی 11 مقدمات میں ملوث پائی جاتی ہے ۔ جنہوں نے 10 ہمایوں نگر اور ایک آصف نگر حدود میں واردات انجام دی تھیں ۔ پولیس نے اس کے علاوہ ایک اور سارق عبدالفہیم عرف فہم 23 سالہ کو گرفتار کرلیا جو نواب صاحب کنٹہ علاقہ کا ساکن ہے اور اس کے قبضہ سے تین تولہ طلائی زیورات کو ضبط کرلیا ۔ پولیس کے مطابق اس سارق کو کل شام 4 بجے ٹولی چوکی کے علاقہ سے گرفتار کرلیا گیا جو تقریباً 45 سرقہ و رہزی کے مقدمات کا سامنا کر رہا ہے جو اکثر تنہا جانے والی خواتین کے گلے سے منگل سوتر چھین لیا کرتا تھا اور حالیہ دنوں چکڑپلی پولیس کی جانب سے جیل منتقل کیا گیا تھا جس نے رہائی کے بعد دوبارہ اپنی غیر سماجی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ۔ پولیس نے اس کی موٹر سائیکل کو بھی ضبط کرلیا ۔