حیدرآباد۔30جنوری ( سیاست نیوز) نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف گنیش ستیش نے 207 گیندوں میں 16چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 117 رنز کی اننگز کھیلی ہے بلکہ یہاں حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں مہاراشٹرا کے خلاف کھیلے جارہے رانجی ٹرافی فائنل کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر اپنی ٹیم کرناٹک کے اسکور کو 230/0 تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ دوسرے اوپنر لوکیش راہول نے 89گیندوں میں 9چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 94 رنز کی اننگز کھیلی ہے جبکہ اوپنر رابن اتھپا 14گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 10رنز بنانے کے بعد زخمی ہوکر پویلین واپس ہوئے ۔ مہاراشٹرا کے اصل بولر صمد فلاح کو کرناٹک کے بیٹسمینوں نے محتاط انداز میں کھیلا اور ان کے 16اوورس میں صرف 40رنز اسکور کئے ۔
قبل ازیں مہاراشٹرا نے اپنی کل کی اننگز 272/5 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور ساری ٹیم 305 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ۔ کل کے ناٹ آؤٹ کھلاڑی باؤ نے 89رنز میں کوئی اضافہ نہیں کرپائے لیکن اتیتکر نے 29سے آگے کھیلتے ہوئے 97 گیندوں میں 8چوکوں کی مدد سے 50رنز بنائے ۔ کرناٹک کیلئے ونئے کمار 81رنز ‘ متھن 49 رنز اور اروند نے 65 رنز کے عوض فی کس 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں رانجی ٹرافی کا فائنل دوسرے دن کرناٹک کے حق میں رہا کیونکہ مسلسل کوشش کے باوجود مہاراشٹرا کی ٹیم پہلی وکٹ کے حصول میں ناکام رہی حالانکہ صمدفلاح سے بہتر مظاہرے کی امید تھی ۔