مہاراشٹرا کے تقسیم کی اجازت نہیں دی جائے گی

ممبئی۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) علیحدہ ریاست ودربھا کے مطالبہ کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے شیوسینا نے آج کہا کہ مہاراشٹرا کی تقسیم کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ چاہے اس کی خواہش حلیف اور شراکت دار بی جے پی کرے یا کوئی اور سیاسی پارٹی۔ مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر اشوک چاوان نے الزام عائد کیا تھا کہ بی جے پی مہاراشٹرا کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ شیوسینا کے ترجمان ’’سامنا‘‘ کے ایک اداریہ میں شیوسینا نے کہا کہ ہم (ایسا کہنے کے لئے) ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، چاہے یہ بی جے پی ہو یا کوئی اور سیاسی پارٹی جو مہاراشٹرا کی تقسیم کا خواب دیکھ رہی ہے تو اسے معلوم ہونا چاہئے کہ ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔ شیوسینا پیر کے دن چاوان کے ہوئے تبصرہ پر ردعمل ظاہر کررہی تھی جو انہوں نے ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات کی کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا تھا اور بی جے پی پر مہاراشٹرا کو ٹکڑے کرنے کے خفیہ ایجنڈے پر عمل کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ودربھا قائم کرنا چاہتی ہے۔