مہاراشٹرا کی سیاست میں مجلس کا مقام دائمی نہیں : شردپوار صدر این سی پی

اورنگ آباد۔ 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر این سی پی شردپوار نے آج کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کی اورنگ آباد بلدی انتخابات میں کارکردگی کے مظاہرہ کو عارضی قرار دیا اور کہا کہ مجلس جیسی سیاسی پارٹیاں مہاراشٹرا سیاست میں پائیدار مقام نہیں بنا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی ایک یا دو سال کے اندر مہاراشٹرا سیاسی میدان سے غائب ہوجائے گی۔ گذشتہ ماہ اورنگ آباد کے بلدی انتخابات میں مجلس میں 25 نشستیں حاصل کی ہیں۔ شیوسینا اور مجلس دونوں پر تنقید کرتے ہوئے شردار پوار نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کی مدد کررہی ہیں۔ صرف ان کے امیدوار مختلف ہیں مشترکہ نہیں۔ زرعی بحران کا حوالہ دیتے ہوئے شردپوار نے کہا کہ حکومت کو کاشتکاروں کے قرضہ معاف کرنا چاہئے کیونکہ فصلوں کی تباہی کی وجہ سے صورتحال سنگین ہے۔ انہوں نے پارٹی رکن اسمبلی جتندر اوہد کے بیان کوجنہوں نے مؤرخ بابا صاحب پورندرے پر اعتراض کیا ہے کیونکہ انہیں پدم بھوشن ایوارڈ عطا کیا گیا ، کہا کہ یہ ان کی شخصی رائے ہے۔