مہاراشٹرا کا آئندہ وزیر اعلی سینا۔ بی جے پی اتحاد سے ہوگا:ادھو ٹھاکرے

ممبئی 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کیلئے اب جہاں تمام تر توجہ ’’مشن 150‘‘ پر مرکوز ہے،وہیں صدر شیو سینا ادھو ٹھاکرے نے آج با اعتماد لہجہ میں کہا کہ مقدس مقام پنڈھرپور میں آئندہ پوجا سینا ۔بی جے پی اتحاد کے وزیر اعلی انجام دیں گے ۔ اخباری نمائندوں نے ان سے پوچھا تھا کہ کیا آئندہ سال پنڈھر پور میں اشادھی ایکادشی پوچا موصوف بحیثیت وزیر اعلی مہاراشٹرا انجام دیں گے جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یقیناً، شیو سینا۔ بی جے پی اتحاد کو منتخبہ وزیر اعلی ہی پوجا میں شرکت کریں گے ۔ یاد رہے کہ پنڈھرپور کے لارڈ وٹھل

اور رکمنی کے مندر ہیں روایتی طور پر مہاراشٹرا کے وزیر اعلی ہی پوجا کے فرائض انجام دیتے ہیں اور جاریہ سال اس پوجا کا زور و شور سے انجام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زعفرانی پارٹیوں کے انتخابی منشور پسماندہ طبقات کی ترقی پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے بات چیت کرنا بے مقصد ہے کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ آئندہ حکومت ہماری ہوگی ۔ مشن 150 دراصل یووا سینا سربراہ آدتیہ ٹھاکرے سے تعلق رکھتا ہے جنہوں نے اسمبلی انتخابات کیلئے نوجوانوں اور طلباء کو جانفشانی سے کام کرنے راغب کیا ہے ۔ دوسری طرف شیو سینا کے ایک لیڈر نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے 150 نشستوں پر کامیابی حاصل کریں اور ادھو ٹھاکرے کو وزارت اعلی کے جلیل القدر عہدہ پر فائز کریں۔

آر ایس ایس کارکنوں کی بی جے پی میں معمول: مادھو
دھر ( مدھیہ پردیش ) 8 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) آر ایس ایس کے ترجمان رام مادھو نے آج کہا کہ یہ آر ایس ایس کا طریقہ رہا ہے کہ وہ اپنے ورکرس کو بی جے پی کیلئے متعین کرتی ہے اور انہیں بھی اسی روایت کے تحت بی جے پی میں کام کرنے کو کہا گیا ہے ۔ انہوں نے یہاں آر ایس ایس کے ایک اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس ہمیشہ سے اپنے ورکرس کو بی جے پی کیلئے مختص کرتی آ رہی ہے اور اب بھی ایسا ہی کیا گیا ہے ۔ ایسا کرنا بی جے پی کے امور پر کنٹرول کرنے آر ایس ایس کی کوشش نہیں ہے ۔ رام مادھو نے یہ واضح کیا کہ یکم جولائی کو شروع ہوکر آج ختم ہونے آر ایس ایس کے اجلاس میں کئی مسائل پر غور کیا گیا ہے اور ملک بھر سے آئے ہوئے نمائندوں نے بھی کئی مسائل اٹھائے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس متعلقہ ریاستوں میں یہ مسائل اٹھائے گی ۔ انہوں نے اجلاس میں زیر بحث مسائل کی تفصیل نہیں بتائی ۔