ممبئی۔ 5؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ایک حیران کن اقدام کرتے ہوئے جس پر بعض لوگ برہم بھی ہوسکتے ہیں، مہاراشٹرا نونرمان سینا نے جو اپنے مخالف شمالی ہند موقف کے لئے بدنام ہے، شمالی ہند کے ایک شہری کو 15 اکٹوبر کو مقرر ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں اپنا امیدوار مقرر کیا ہے۔ اکھیلیش چوبے جو آبائی طور پر اترپردیش کے شہر جونپور سے تعلق رکھتے ہیں، مہاراشٹرا نونرمان سینا کے کاندیولی (شرقی) انتخابی حلقہ سے ایم این ایس کے امیدوار ہیں۔ راج ٹھاکرے زیر قیادت پارٹی کے قانونی شعبہ کے جنرل سکریٹری اکھیلیش چوبے واحد شمالی ہند کے شہری ہیں جنھیں آئندہ انتخابات میں پارٹی کا امیدوار مقرر کیا گیا ہے۔ وہ واحد شمالی ہند کے شہری ہیں جنھیں پارٹی نے اب تک اپنا امیدوار بنایا ہے۔ وہ پیشہ سے وکیل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایم این ایس کسی خاص فرقہ کی مخالف نہیں ہے۔ یہ چند افراد کی غلط فہمی ہے۔ ایم این ایس ایسے ہر شخص کا خیرمقدم کرتی ہے جو ریاست کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کرتا ہو۔