ممبئی۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے آج اپنی 10 رکنی کابینہ میں قلمدان تفویض کئے۔ وزارت داخلہ، شہری ترقی، امکنہ، صحت کے محکموں کو انہوں نے اپنے پاس رکھا ہے۔ سی ایم او کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات میں بتایا گیا کہ جن قلمدانوں کو خصوصی طور پر کسی وزیر کے تفویض نہیں کیا گیا، یہ قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہی رہیں گے۔مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی کے تین روزہ سیشن کے دوران جو 10 نومبر کو منعقد ہوگا، چیف منسٹر دیویندر فرنویس کے زیرقیادت حکومت خط اعتماد حاصل کرے گی۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ نومنتخب ارکان اسمبلی کے حلف لینے کے بعد 12 نومبر کو خط اعتماد کے لئے رائے دہی ہوگی۔ عبوری اسپیکر کا 10 نومبر کو انتخاب عمل میں آئے گا۔
گورنر سی ودیا ساگر راؤ نے ان کی حکومت کی حلف برداری کے بعد اکثریت ثابت کرنے کے لئے 15 دن کی مہلت دی تھی۔کابینہ کی تشکیل کے معاملہ میں بی جے پی کے سینئر لیڈر ایکناتھ کھڈسے کو ریوینیو، اقلیتی ترقی، وقف، زراعت، انیمل ہسبنڈری، ڈیری ڈیولپمنٹ ، سمکیات اور اسٹیٹ اکسائز کے قلمدان دیئے گئے ہیں۔ ریاستی بی جے پی کے سابق صدر منگن تیور کو وزارت فینانس اور منصوبہ بندی کے علاوہ محکمہ جنگلات کے قلمدان دیئے گئے ہیں۔ ونود تاؤڑے کو اسکولی تعلیم، اسپورٹس، اعلیٰ اور فنی تعلیم، میڈیکل ایجوکیشن، مراٹھی بھاشا اور ثقافتی اُمور کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ گھاٹ کوپر ایسٹ ممبئی حلقہ کے رکن اسمبلی پرکاش مہتا کو وزارت صنعت اور مائننگ، پارلیمانی اُمور کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔ چندرکانت پاٹل ایم ایل سی ہیں انہیں کارپوریشن، مارکیٹنگ اور ٹیکسٹائل کی ذمہ داری دی گئی ہے۔