ممبئی 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ مہاراشٹرا میں این سی پی اور کانگریس کی راہیں جدا ہوگئی ہیں وہیں اب کانگریس نے رات گئی بات گئی کے مصداق آگے بڑھتے ہوئے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے لئے سماج وادی پارٹی سے سیاسی اتحاد کیا ہے۔ دریں اثناء سماج وادی پارٹی ترجمان عبدالقدیر چودھری نے بتایا کہ ریاست کے ایس پی سربراہ ابو عاصم اعظمی نے ریاستی وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور پارٹی صدر مانک راؤ ٹھاکرے سے گزشتہ شب ملاقات کی تاکہ اس نئے سیاسی اتحاد کو قطعیت دی جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے ایس پی آٹھ نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ پارٹی شیوا جی نگر، مانخورو کے بشمول پانچ نشستوں پر مقابلہ کرے گی جہاں سے ابو عاصم اعظمی پہلے ہی موجودہ ایم ایل اے ہیں اور وہ دوبارہ انتخابی میدان میں ہیں۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ بھیونڈی، کُرلا، میرج، ناگپور سنٹرل نشستوں کے لئے بات چیت جاری ہے۔ علاوہ ازیں کانگریس جوگندر کواڈے اور سلجھا کمبھارے کی سیاسی جماعت سے بھی اتحاد کرے گی جس کی ودربھا میں کافی مقبولیت ہے۔