سونیا گاندھی سے دہلی میں ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ چوہان کا فیصلہ
ممبئی ۔ 28 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں کانگریس این سی پی قیادت والی وزارتوں میں کل توسیع کی جائے گی جس کے لئے حلف برداری کی تقریب صبح 10 بجے راج بھون میں منعقد کی جائے گی ۔ وزیر اعلیٰ مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے کانگریس صدر سونیا گاندھی سے دہلی میں ملاقات کی تھی جس کے بعد ہی وزارتوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ۔ یاد رہے کہ حالیہ انتخابات میں کانگریس کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد کچھ نہ کچھ تبدیلیوں کی توقعات کی جارہی تھیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ پرتھوی راج چوہان کو سونیا گاندھی نے 2010 ء میں ریاست مہاراشٹرا کی باگ ڈور حوالے کی تھی ۔ ریاست میں کانگیرس کی شکست فاش کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 48 لوک سبھا نشستوں کے منجملہ کانگریس کو صرف دو نشستوں پر کامیابی ملی ۔
دوسری طرف ریاست کے میڈیکل ایجوکیشن منسٹر وجئے کمار گویٹ کو معطل کئے جانے کے بعد این سی پی کا ایک کابینی رینک مخلوعہ ہے ۔ علاوہ ازیں مملکتی وزیر و برائے تعلیم ، صحت و ثقافت فوزیہ حان کی بحیثیت ایم ایل سی میعاد بھی اختتام پذیر ہوچکی ہے ۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے حالیہ لوک سبھا انتخابات کے دوران پربھنی میں این سی پی امیدواروں کے ساتھ ناروا سلوک کیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ مخلوعہ رینک کی خانہ پری کیلئے این سی پی لیڈر سوریا کانت پاٹل بھی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ این سی پی کے ریاستی ورکنگ صدر جتیندر اوہد اور شرد گویٹ جو سماج وادی پارٹی ایم ایل اے اور وجئے کمار گویٹ کے بھائی ہیں، فوزیہ خان کی جگہ لینے دوڑ میں شامل ہیں۔ دریں اثناء لیجسلیٹرس امیت دیشمکھ جو سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی ولاس راؤ دیشمکھ کے بیٹے ہیں، کلیان کالے اور سینئر لیڈر روہی داس پاٹل کانگریس کی تین مخلوعہ وزارتوں بشمول ایک کابینی کے طاقتور دعویدار ہیں۔ مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات جاریہ سال کے اواخر میں منعقد شدنی ہیں۔