مہاراشٹرا میں جلد فیصلہ سازی کیلئے کمیٹی کی تشکیل

ممبئی 4 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) معاشی اور انتظامی فیصلہ سازی کے عمل میں تیزی لانے کے مقصد سے حکومت مہاراشٹرا نے آج ایک اعلی اختیاری کمیٹی تشکیل دی جس کے سربراہ چیف سکریٹری ہونگے ۔ اس کے علاوہ ایک کابینی سب کمیٹی بھی چیف منسٹر کی قیادت میں تشکیل دی گئی ہے ۔ وزیر داخلہ آر آر پاٹل نے کہا کہ نکسلائیٹس متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں پر عمل آوری میں تاخیر کو روکنے کے مقصد سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مطلع کیا کہ اعلی اختیاری کمیٹی کی جانب سے منظورہ فیصلوں کو چیف منسٹر کی قیادت والی کابینی سب کمیٹی سے قطعی منظوری کیلئے روانہ کیا جائیگا ۔ اعلی اختیاری کمیٹی میں اڈیشنل چیف سکریٹریز ہوم ‘ فینانس ‘ پلاننگ ‘ پرنسپل سکریٹری جنرل اڈمنسٹریشن اور متعلقہ محکمہ جات کے سکریٹریز شامل رہیں گے ۔ اعلی اختیار کمیٹی کا 50 کروڑ روپئے کا بجٹ رہے گا اور ترقیاتی کاموں کے معاشی اور انتظامی امور میں اس کمیٹی کا فیصلہ قطعی رہیگا جنہیں جلد کیا جانا ہے ۔ مسٹر پاٹل نے کہا کہ ایک خصوصی معاملہ کے طور پر ان کمیٹیوں کیلئے معاشی قوانین میں نرمی پیدا کی گئی ہے تاکہ وہ نکسلائیٹس متاثرہ ریاستوں کیلئے اسکیمات کو منظوری دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلی اختیاری کمیٹی کی جانب سے جو فیصلے کئے جائیں گے ان کو قطعی منظوری چیف منسٹر کی قیادت میں قائم کردہ کابینی سب کمیٹی کی جانب سے منظوری دی جائیگی ۔