مہاراشٹرا میں بی جے پی حکومت کی تقریب حلف برداری

ممبئی۔ 26 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) منترالیہ میں پروٹوکول ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار ، وزیراعظم نریندر مودی کے لئے نشستوں کے انتظامات کے سلسلے میں الجھن کا شکار ہیں۔ وہ آئندہ ہفتہ بی جے پی حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے والے ہیں۔ سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ عام طور پر ریاستی حکومت کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شرکت نہیں کرتے اور پروٹوکول ڈپارٹمنٹ ان کے لئے نشست کا موثر انتظام کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ ہم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہریانہ میں تقریب حلف برداری کے دوران وزیراعظم کیلئے جو انتظامات کئے گئے تھے، اسے ملحوظ رکھتے ہوئے یہاں بھی ایسے ہی کیا جائے۔ تقریب حلف برداری وانکھیڈے اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کا منصوبہ ہے جس میں بی جے پی زیراقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس کی شرکت بھی متوقع ہے۔ مہاراشٹرا میں مخلوط حکومت کیلئے بی جے پی اور اس کی سابقہ حلیف شیوسینا کے مابین پس پردہ مذاکرات جاری ہیں۔ بی جے پی 288 رکنی اسمبلی میں 122 نشستوں کے ساتھ واحد سب سے بڑی جماعت کے طور پر ابھری ہے۔ اسے این سی پی نے پہلے ہی باہر سے تائید کی پیشکش کی ہے جس کے ایوان میں 41 ارکان ہیں۔ شیوسینا 63 ارکان کے ساتھ دوسری سب سے بڑی جماعت ہے۔ اس دوران سینئر جرنلسٹ اور سابق شیوسینا رکن پارلیمنٹ بھرت کمار راوت نے کہا کہ شیوسینا کو بی جے پی کے ساتھ مابعد انتخابات اتحاد نہیں کرنا چاہئے اور وہ اپوزیشن میں بیٹھنے کو ترجیح دے۔