ممبئی 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے آج مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کیلئے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کیا ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عوام انہیں مسلسل چوتھی مرتبہ اقتدار حوالے کرینگے ۔ مسٹر پوار نے یہاں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کسی لہر کی بات کی جا رہی تھی ۔ تاہم لوک سبھا کے نتائج اور اسمبلی انتخابات مختلف ہوتے ہیں۔ ریاست کے عوام پورے شعور سے فیصلہ کرینگے کہ اقتدار کسے سونپنا ہے ۔ انہوں نے سابق چیف جسٹس پی ستاسیوم کو گورنر کیرالا مقرر کرنے کے فیصلے پر بھی سوال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شائد بی جے پی سربراہ امیت شاہ کے مقدمات میں دئے گئے فیصلوں کو دیکھتے ہوئے انہیں یہ عہدہ دیا گیا ہے ۔