ممبئی ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی لیڈر جتندر اوہد نے آج مہاراشٹرا کی کابینہ میں توسیع کے بعد وزیر کی حیثیت سے حلف لیا۔ جتندر اوہد این سی پی کی مہاراشٹرا یونٹ کے ورکنگ صدر ہیں۔ انہیں راج بھون میں گورنر کے شنکر نارائنن نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ تقریب میں اوہد ہی واحد وزیر تھے، جنہوں نے حلف لیا۔ یاد رہے کہ ریاست میں این سی پی کانگریس کی حلیف جماعت ہے۔ برطرف کئے گئے وزیر وجے کمار گویت کی جگہ پُر کرنے کیلئے این سی پی نے جتندر اوہد کے نام کی تجویز پیش کی تھی۔ مہاراشٹرا اسمبلی میں قبل ازیں ردوبدل جون 2013ء میں کی گئی تھی۔ جاریہ سال کے اواخر میں اسمبلی انتخابات ہونگے ۔ یاد رہے کہ بی جے پی دراصل کانگریس۔ این سی پی اتحاد پر اپنی کامیابی کے بعد مسلسل تنقید کررہی ہے ۔