مہاراشٹرا میں اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ

ممبئی۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان نے آج ریاستی وزیر پنکج منڈے کے خلاف ان کے محکمہ کی جانب سے متفرق اشیاء کی خریداری سے متعلق الزامات کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور بتایا کہ جعلی ڈگری معاملہ میں وزیر تعلیم ونود تواڈے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بہبودِ اطفال و خواتین کی جانب سے 206 کروڑ روپئے مالیتی اشیاء کی خریداری میں دھاندلیوں اور وزیر تعلیم کی جعلی ڈگری کیس کی آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی ضرورت ہے۔ سینئر کانگریس لیڈر نے کہا کہ پیشرو حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ 50 لاکھ کی خریداری پر ای ٹنڈرس طلب کئے جائیں اور میں نے جب چیف منسٹر کی حیثیت سے جائزہ لیا تو اس کی حد میں 10 لاکھ اضافہ کردیا گیا لیکن بی جے پی حکومت نے اس رقم کو 3 لاکھ تک گھٹا دیا۔ انہوں نے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس سے وضاحت طلب کی کہ ان ٹنڈرس کے ذریعہ 3 لاکھ سے زائد کی خریداری کا فیصلہ کرتے وقت ان کے ذہن میں کیا بات تھی اور اب یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ قواعد کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ بی جے پی کے اس دعویٰ پر کہ خریداری کے معاملے میں سابق کانگریس ۔ این سی پی حکومت کے طریقہ کار پر عمل کیا گیا ہے۔ مسٹر پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں خریداری کے معاملتوں کی سی بی آئی تحقیقات کے خلاف نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر تعلیم ونود تواڈے نے جس یونیورسٹی سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی ہے، اسے یہ ڈگری جاری کرنے کا اختیار نہیں ہے، لہذا کانگریس پارٹی ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی۔