ممبئی۔28جنوری( سیاست ڈاٹ کام) کانگریس خشک سالی اور مسلمانوں کو ریزرویشن کی فراہمی سے انکار جیسے مسائل پر مہاراشٹرا میں دیویندر فرنویز حکومت کے مقابل ریاستی مقننہ کے بجٹ سیشن کے دوران پُرجوش انداز میں مہم چلائے گی، جو 9مارچ کو شروع ہونے والا ہے۔ اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر رادھا کرشنا وکھے پاٹل نے آج کہا کہ سابق کانگریس۔این سی پی حکومت نے مسلمانوں کو 5فیصد تحفظات دیئے تھے جو مذہب کی کسوٹی پر نہیں تھے بلکہ اس برادری کی پسماندگی کی وجہ سے دیئے گئے تھے ۔ وہ پارٹی لیجسلیٹرس کی میٹنگ کے بعد مخاطب تھے ۔ سرمائی اجلاس میں فرنویز نے کہا تھا کہ وہ مسلم ریزرویشن کے بارے میں ایڈوکیٹ جنرل کی رائے حاصل کرتے ہوئے ایک ماہ میں کوئی فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ہنوز نہیں ہوا ہے اور وہ چیف منسٹر سے اس مسئلہ پر ملاقات چاہتے ہیں۔