مہاراشٹرا لیجسلیٹیو کونسل عہدہ کیلئے این سی پی کا دعویٰ

ممبئی۔ 2؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ مہاراشٹرا کانگریس کے صدر مانک راؤ ٹھاکرے نے آج اپنی پارٹی کی سابق حلیف پارٹی این سی پی کے اس دعویٰ پر سوال اُٹھایا ہے کہ لیجسلیٹیو کونسل میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ اس کو دیا جائے۔ مہاراشٹرا کے 78 رکنی ایوان بالا میں این سی پی کو 28 نشستوں کے ساتھ واحد بڑی پارٹی کا موقف حاصل ہے جب کہ کانگریس کی 22 نشستیں ہیں۔ این سی پی نے بی جے پی حکومت کی بیرونی تائید کا اعلان کیا ہے اور ایوان میں آزمائشی مرحلہ کے دوران مکمل مدد کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے تو آخر وہ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ کس طرح حاصل کرسکتی ہے؟ این سی پی قائدین نے قبل ازیں کہا تھا کہ وہ ایوان میں این سی پی کے امیدوار کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا دعویٰ پیش کریں گے۔