مہاراشٹرا قحط راحت رسانی، وزیراعظم کے پرنسپال سکریٹری اور چیف منسٹر مہاراشٹراکی ملاقات

ممبئی 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے آج پرنسپال سکریٹری برائے وزیراعظم سے ملاقات کی اور عاجلانہ بنیادوں پر مرکزی امداد طلب کی تاکہ ریاست میں قحط کا مقابلہ کیا جاسکے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فرنویس نے نرپندر مشرا پرنسپال سکریٹری برائے وزیراعظم نریندر مودی سے نئی دہلی میں آج صبح ملاقات کی اور ریاست حکومت میں پرنسپال سکریٹری کو 7962.63 کروڑ روپئے قحط سالی راحت رسانی کے لئے طلب کئے ہیں۔ مرکز کی ٹیم نے حال ہی میں قحط سالی کی صورتحال کا تخمینہ کرنے کے لئے مہاراشٹرا کا دورہ کیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ جو برسات جاریہ سال مہاراشٹرا میں ہوئی ہے وہ ناکافی تھی اور حکومت نے حال ہی میں 353 تعلقوں میں سے 151 کو قحط زدہ تعلقے قرار دیا ہے۔