مہاراشٹرا سے چدمبرم کو راجیہ سبھا کا کانگریسی امیدوار بنانا قابل مذمت : شیوسینا

ممبئی ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے آج سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کو مہاراشٹرا سے راجیہ سبھا کا امیدوار نامزد کرنے پر کانگریس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس نے چدمبرم کو ریاست سے امیدوار بناتے ہوئے خود اپنی شبیہہ کو نقصان پہنچایا ہے۔ شیوسینا کے ترجمان سامنا کے ایک اداریہ میں کہا گیا ہیکہ ای ڈی نے برطانیہ کی روگیٹری کو مکتوبات روانہ کئے ہیں جو رقومات کی غیرقانونی منتقلی کے بارے میں ہیں جن میں سے بعض کمپنیاں سابق مرکزی وزیرفینانس پی چدمبرم کے فرزند کارتی کی ملکیت ہیں۔ اداریہ میں کہا گیا ہیکہ یہ بھی الزام ہیکہ چدمبرم نے عشرت جہاں کے لشکرطیبہ سے روابط کے حوالے سرکاری حلف نامے میں سے حذف کردیئے تھے تاکہ انہیں بے قصور ثابت کیا جاسکتے۔ ان تمام باتوں کے پیش نظر چدمبرم کو مہاراشٹرا سے راجیہ سبھا کا امیدوار نامزد کرنا قابل اعتراض ہوجاتا ہے۔ اس سے خود کانگریس کو نقصان پہنچے گا۔ کس کو امیدوار نامزد کیا جائے یہ کانگریس کا داخلی معاملہ ہے لیکن چدمبرم کو نامزد کرکے کانگریس نے خود اپنے آپ کو نقصان پہنچایا ہے۔ چدمبرم کو خود اپنی آبائی ریاست ٹاملناڈو میں کوئی مقام حاصل نہیں ہے۔