مہاراشٹرا حکومت میں شیوسینا کی شمولیت کا امکان

ممبئی۔/4ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی جس نے مہاراشٹرا میں بی جے پی حکومت کی باہر سے تائید کا اعلان کیا ہے آج بتایا کہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدہ کیلئے دعویٰ پیش کریں گی۔ یہ عہدہ فی الحال شیوسینا کے قبضہ میں ہے۔ این سی پی کا یہ اصرار ایسے وقت سامنے آیا ہے جب فڈنویس حکومت میں شیوسینا کی شمولیت کا اشارہ ملا ہے۔ این سی پی نے یہ بھی کہا ہے کہ قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر اور صدر نشین کے عہدہ پر دعویٰ پیش کرنے کیلئے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اسمبلی میں بی جے پی کے بعد شیوسینا سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھری ہے اور اپوزیشن لیڈر کے عہدہ کیلئے شیوسینا کے ایکناتھ شنڈے دعویدار ہیں تاہم این سی پی کی سابق حلیف کانگریس نے شرد پوار کی زیر قیادت پارٹی کی دعویداری میں رخنہ ڈال دیا ہے اور کہا کہ مذکورہ عہدہ کیلئے این سی پی کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں۔این سی پی ترجمان نواب ملک نے بتایا کہ ناگپور میں 7ڈسمبر سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کے عہدہ کا دعویٰ پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے مطلوبہ ارکان اسمبلی بشمول حلیف جماعتوں کی تائید حاصل ہے۔ این سی پی نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں 41نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اس کی حلیف جماعت بہوجن وکاس اگھاڑی کے 3ارکان اسمبلی ہیں اور ایک آزاد رکن اسمبلی ( حلقہ بدنیرا ) روی رانا نے تائید کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح این سی پی کے پاس عددی طاقت 45ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 78 رکنی قانون ساز کونسل میں این سی پی کے 28ارکان ہیں۔ اپوزیشن لیڈر اور صدر نشین کے عہدہ کیلئے وہ دعویداری کے مستحق ہیں تاہم پردیش کانگریس ترجمان اننت گیڈیگل نے کہا کہ ہمارا جمہوری نظام برطانیہ کے طریقہ کار پر قائم ہے لہذا قانون ساز کونسل میں این سی پی کا دعویٰ ناقابل عمل ہے۔