مہاراشٹرا بلدی انتخابات، آج رائے شماری ممبئی نتائج پر توجہ مرکوز، فڈنویس اور ٹھاکرے کیلئے وقار کا مسئلہ

ممبئی ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے 10 کارپوریشنوں اور 25 ضلع پریشدوں کے گذشتہ روز منعقدہ انتخابات کے ضمن میں کل جمعرات کو ووٹوں کی گنتی ہوگی، جس میں تمام نظریں پربھن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات پر مرکوز ہیں۔ ممبئی کارپوریشن کے انتخابات میں مختلف جماعتوں نے شب و روز انتھک مہم چلائی تھی۔ ایک انتحابی افسر نے کہا کہ 10 بجے دن ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی۔ اس ریاست میں بی جے پی اور اس سے بچھڑی ہوئی حلیف جماعت شیوسینا نے پہلی مرتبہ انتخابی مفاہمت کئے بغیر الگ الگ مقابلہ کیا تھا۔ تلخ مہم کے دوران ان دونوں جماعتوں کے قائدین نے ایک دوسرے کے خلاف اعلانیہ تنقید بھی کی تھی۔ منی اسمبلی الیکشن سمجھے جانے والے ان انتخابات کے نتائج کو کافی اہمیت دی جارہی ہے جن کے سبب چیف منسٹر دیویندر فڈنویس اور شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کا وقار داؤ پر لگا ہوا ہے۔ اپوزیشن کانگریس اور این سی پی بھی دیگر اہم جماعتیں ہیں۔ ممبئی کے علاوہ تھانے، الیاس نگر، ناسک، پونے، پمپری، چنچوڑ، شولاپور، اکولہ، امراوتی اور ناگپور میونسپل کارپوریشنوں کے انتخاب کیلئے گذشتہ روز ووٹ ڈالے گئے تھے۔