مہاراشٹرا انتخابات کیلئے ’’سیکولر اندازِ فکر‘‘ کے اتحاد کی صدر ریاستی ایس پی ابوعاصم اعظمی کی اپیل

ممبئی۔ 11 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے ضمنی انتخابات میں جے ڈی (یو)۔ آر جے ڈی اتحاد کی مثال دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی قائد ابو عاصم اعظمی نے اپیل کی کہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کیلئے ’’سیکولر اندازِ فکر‘‘ رکھنے والی سیاسی پارٹیوں کو متحد ہوجانا چاہئے۔ اس سلسلے میں ان کی پارٹی ایک تجویز کانگریس کو روانہ کرچکی ہے۔ جنتا دل (یو) قائد نتیش کمار اور آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو گزشتہ 20 سال سے ایک دوسرے کے مخالف رہنے کے باوجود اتنے دانش مند ہیں کہ فرقہ پرست طاقتوں کو بہار میں اقتدار حاصل کرنے سے روکنے کیلئے متحدہ کوشش پر تیار ہوگئے ہیں۔ کانگریس اور این سی پی کو اسی قسم کا موقف اختیار کرنا چاہئے اور تمام سیکولر اندازِ فکر رکھنے والوں کو متحد ہوکر مہاراشٹرا میں فرقہ پرست قوتوں کو روکنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کی تجویز ریاستی کانگریسی قیادت کو روانہ کی جاچکی ہے اور قطعی نتیجہ جلد ہی متوقع ہے۔