مہاراشٹرا انتخابات : کانگریس کی 27 اور بی جے پی کی 21 خاتون امیدوار

ممبئی ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات یقیناً دلچسپی کے حامل ہوں گے جہاں کانگریس کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے کیونکہ پارٹی نے جتنے بھی امیدوار انتخابی میدان میں اتارے ہیں، ان میں 27 خاتون امیدوار ہیں جن میں سابق وزیراعلیٰ اشوک چوہان کی اہلیہ امیتا بھی شامل ہیں جو مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں پہلی بار اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔ اسی طرح بی جے پی نے بھی اپنے آنجہانی قائد گوپی ناتھ منڈے کی دختر پنکجا منڈے کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ تاہم کانگریس کا پلڑا بی جے پی سے بھاری نظر آرہا ہے کیونکہ کانگریس نے جملہ 27 خاتون امیدواروں کو الیکشن میں کھڑا کیا ہے جبکہ بی جے پی نے 21 خاتون امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے۔ دوسری طرف این سی پی نے بھی 16 خاتون امیدواروں کو انتخابات لڑنے کی ذمہ داری تفویض کی ہے اور شیوسینا کی ٹکٹ پر بھی 10 خاتون امیدوار میدان میں ہیں۔